طلعت علی پاکستانی ٹیم کے متوقع نئے منیجر

22 فروری 2017
پاکستانی ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز میں 3 ٹیسٹ،3ایک روزہ اور2ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی—فائل/فوٹو: اے پی
پاکستانی ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز میں 3 ٹیسٹ،3ایک روزہ اور2ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی—فائل/فوٹو: اے پی

سابق بلےباز طلعت علی دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے متوقع طور پر نئے منیجر ہوں گے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ طلعت علی، متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور اس کے بعد نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے میں تین سیریز میں پاکستان کے منیجر رہنے والے سابق کپتان وسیم باری کی جگہ لیں گے جنھیں ٹیم منیجر کے عہدے سے الگ کیا جارہا ہے۔

وسیم باری کو پاکستان کے ایک اور سابق کپتان انتخاب عالم کی جگہ منیجر مقرر کیا گیا تھا، اگر طلعت یہ عہدے حاصل کرتے ہیں تو یہ گزشتہ پانچ ماہ میں تیسری مرتبہ منیجرکی تبدیلی ہوگی۔

مزید پڑھیں: احمد شہزاد قومی ٹیم میں واپسی پر عمدہ کارکردگی کیلئے پرعزم

66 سالہ طلعت علی نے اس سے قبل نسیم اشرف کے دور میں 2006 سے 2008 تک ٹیم کے منیجر کے طورپر خدمات انجام دی تھیں جب باب وولمر ہیڈ کوچ تھے۔

طلعت علی نے ورلڈ کپ 2007 کے دوران باب وولمر کی پراسرار حالات میں موت کے بعد جیف لاسن کے ساتھ بھی کام کیا تھا جب آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر کو پاکستان کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو گا، حتمی فیصلہ

جب 2008 میں اعجاز بٹ نے پی سی بی چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر نسیم اشرف کی جگہ لی تو طلعت علی نے استعفیٰ دیا تھا۔

طلعت علی نے 1970 کی دہائی میں پاکستان کی جانب سے 10 ٹیسٹ کھیلے اور بطور اوپنر 23.12 کی اوسط سے 370 رنز بنائے۔

پاکستانی ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز میں 31 مارچ سے 14 مئی تک تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ میچ اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں