'فکسنگ تنازعہ عدالت میں گیا تو ملک کی بدنامی ہوگی'

22 فروری 2017
شرجیل خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ملک کی بدنامی ہو—فائل/فوٹو:اے ایف پی
شرجیل خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ملک کی بدنامی ہو—فائل/فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق فاسٹ باؤلر شعیب اخترنے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کا لاہور میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا جبکہ فکسنگ تنازعے کو بورڈ کی انضباطی کمیٹی میں حل کرنے پر زور دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شعیب اختر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل کے فکسنگ تنازعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کو بورڈ کا شکر گزار ہونا چاہئیے ورنہ انھیں دبئی میں جیل کی ہوا کھانا پڑتی۔

سابق اسٹار باؤلر نے پی سی بی پر زور دیا کہ اس معاملے کو بورڈ کی انضباطی کمیٹی میں حل کیا جائے اور اگر یہ معاملہ عدالت میں گیا تو ملک کی بدنامی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور پی سی بی کے قوانین کے مطابق شرجیل خان اور خالد لطیف کو بورڈ کو اپنی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

خیال رہے کہ شرجیل خان نے لاہور سے واپسی میں میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے فکسنگ کے الزامات کو رد کیا اور کہا کہ ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ملک کی بدنامی ہو۔

مزید پڑھیں: ‘مشکوک شخص سے ملے لیکن فکسنگ نہیں کی’

ڈان نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ چارج شیٹ کا جواب تیار کرتے ہوئے فکسنگ کا اعتراف کرنے سے انکار کردیا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنے جواب میں مشکوک شخص سے ملاقات کا تو اعتراف کر لیا لیکن دعویٰ کیا ہے کہ ناصر جمشید کی معرفت سے وہ شخص مداح کی حیثیت سے ملا لیکن فکسنگ کی بات سنتے ہی ہم نے ملاقات ختم کر دی۔

خالد لطیف نے موقف اپنایا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کی معرفت سے اس شخص سے ملے جبکہ شرجیل اور مجھے اس کے بکی ہونے کا علم نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور آنے کو تیار دوکھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب

ان کا کہنا ہے کہ جب اس شخص نے فکسنگ کی پیش کش کی تو ہم اٹھ کر چلے گئے اور اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ بورڈ حکام کو اس ملاقات کا نہ بتانا غطلی تھی لیکن ہم نے فکسنگ نہیں کی۔

شرجیل خان نے بھی اپنے موقف میں فکسنگ کے الزام سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا جس سے ملک کی بدنامی ہو، سچ جلد سب کے سامنے آ جائے گا۔

پی ایس ایل حکام کی جانب سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لیگ کا فائنل لاہور میں کرنے کا حتمی فیصلہ کیا تاکہ غیرملکی ٹیموں کو بتایا جاسکے کہ یہاں پر بہترین سیکیورٹی فراہم کی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: 'سیکیورٹی فورسز پی ایس ایل فائنل کومحفوظ بنائیں گی'

شعیب اختر نے پی ایس ایل حکام کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور غیرملکی کھلاڑیوں کو لاہور آنے کی دعوت دی۔

غیرملکی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے فائنل میں فول پروف سیکیورٹی دینے کے قابل ہیں اس لیے لاہور آئیں، سیکیورٹی ادارے مکمل تحفظ دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں