فارسی کے مشہور شاعر مولانا جلال ‌الدین محمد بلخی رومی کی شاعری کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

انڈس ویلی آرٹ اسکول بہت جلد رومی ورلڈ میوزک فیسٹیول کا انعقاد کرنے جارہا ہے، جس میں ان کی شاعری سے متاثر کئی موسیقار پرفارم کریں گے۔

اس فیسٹیول کے خیال کے حوالے سے انڈس ویلی آرٹ اسکول سے تعلق رکھنے والے رشید نورانی نے بتایا کہ 2008 میں جب یونیسکو نے اس سال کو رومی کے سال کا اعلان کیا، ہر ممالک نے کسی نہ کسی صورت میں رومی کو خراج عقیدت پیش کیا، پھر چاپے وہ کوئی فیسٹیول کی شکل میں ہو یا کوئی اور ایونٹ۔

رشید نورانی نے مزید کہا کہ ایسا تقریباً 42 ممالک میں ہوا، مجھے یاد ہے میں سکاٹ لینڈ میں تھا، جہاں رومی سے متاثر ہوکر 3 روزہ صوفی کانفرنس رکھی گئی، پاکستان میں ایسا کچھ نہیں ہوا اور مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اب کچھ نہ کچھ ضرور ہونا چاہیے۔

رشید نورانی کے مطابق ہمارے پاس ادبی میلے کے لیے کے ایل ایف ہے، لیکن ہمارے پاس میوزک فیسٹیول کے لیے کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام شاعر اور صوفی جو رومی کے بعد آئے وہ سب ہی ان سے متاثر تھے، رومی صوفی شاعری کے نمائندہ ہیں جبکہ اب ایسا لگتا ہے کہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور ہونا چاہیے۔

اس فیسٹیول میں بین الاقوامی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔

رومی سے متاثر اس میلے میں تووا سے تعلق رکھنے والا بینڈ ہوں ہُر تو، ایرانی بینڈ، چاند تارا بینڈ، فیوژن، مائی دھائی، جمشید صابری، جمن فقیر وغیرہ فن کا مظاہرہ کریں گے۔

فنون اور دستکاری کو پسند کرنے والے افراد کے لیے اس میلے میں بازار بھی لگایا جائے گا۔

یہ فیسٹیول آئندہ ماہ 10 مارچ کو منعقد ہوگا، جس کا اختتام 12 مارچ کو کیا جائے گا، فیسٹیول کے ٹکٹ کی قہمت 1500 روپے مقرر کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں