رینشا، اسٹارک نے آسٹریلین بیٹنگ کی لاج رکھ لی

اپ ڈیٹ 23 فروری 2017
آسٹریلین فاسٹ باؤلر کا پونے ٹیسٹ کے پہلے دن جارحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلین فاسٹ باؤلر کا پونے ٹیسٹ کے پہلے دن جارحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

میٹ رینشا اور مچل اسٹارک نے ذمے دارانہ بیٹنگ کر کے ہندوستان کے خلاف پونے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین ٹیم کی لاج رکھ لی جس کی بدولت مہمان ٹیم نے نو وکٹ کے نقصان پر 256 رنز بنا لیے۔

پونے میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بے پناہ ٹرن کی حامل اس مشکل وکٹ پر ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز میٹ رینشا اور ڈیوڈ وارنر نے 82 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے اس فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا لیکن وارنر 38 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ابھی اسٹیون اسمتھ میدان میں اترے ہی تھے کہ ایک گیند بعد ہی میٹ رینشا پیٹ میں درد کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹنے ہر مجبور ہو گئے۔

شان مارش اسکور 119 تک پہنچانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن آسٹریلیا کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 149 کے اسکور پر مچل مارش اور اسٹیون اسمتھ دونوں پویلین لوٹ گئے۔

میٹ رینشا نے وکٹ پر آنے کے بعد اپنی اننگز دوبارہ شروع کی اور 68 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نبھانے کو تیار نہ ہوا۔

مشل مارش چار، میتھیو ویڈ آٹھ، اسٹیو او کیف اور ناتھن لایون بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو آسٹریلین ٹیم 205 رنز پر رینشا سمیت آٹھ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے انڈین باؤلرز کی خبر لینا شروع کی اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے نصف سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو 250 رنز تک رسائی دلائی۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے نو وکٹ کے نقصان پر 256 رنز بنائے تھے، مچل اسٹارک تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔

ہندوستان کی جانب سے امیش یادو نے چار جبکہ روی چندرہ ایشون اور رویندرا جدیجا نے دو دو وکٹیں لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں