ہر ماہ چند روزے رکھنا صحت بہتر بنائے

23 فروری 2017
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

ہر مہینے کچھ دن روزہ رکھنے کی عادت لوگوں کی صحت کے لیے فائدہ مند اور انہیں کئی جان لیوا امراض سے تحفظ دیتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واضح رہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بھی سنت تھی کہ وہ ہر ماہ کچھ روزے رکھتے تھے اور اب طبی سائنس نے اس کی افادیت تسلیم کرلی ہے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ہر ماہ کچھ دن روزے رکھنا ذیابیطس، امراض قلب، کینسر اور دیگر امراض کا خطرہ کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 89 افراد کو تین ماہ تک معمول کی غذا استعمال کرائی گئی جبکہ دیگر 52 افراد کو ہر ماہ انہیں پانچ دن تک فاقہ کرنے یا کم کیلوریز والی مگر ان سچورٹیڈ فیٹس سے بھرپور والی غذا کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ان میں سے کچھ افراد میں ہائی بلڈ پریشر، صحت کے لیے بہتر کولیسٹرول کی سطح میں کمی اور دیگر طبی امراض کے خطرات کا سامنا تھا۔

تین ماہ بعد سامنے آنے والے نتائج میں بتایا گیا کہ روزہ رکھے والے افراد کا بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول لیول بہتر ہوا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ تجربے میں شامل رضاکاروں کی اکثریت کو ذیابیطس، امراض قلب یا کینسر کے خطرات کا سامنا تھا اور اس تحقیق کا مقصد غذائی عادات کی افادیت کے بارے میں جاننا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جو لوگ اپنی صحت اور شخصیت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، یا موٹاپے کے شکار لوگ جو جسمانی وزن میں لانا چاہتے ہیں، ان کے لیے یہ ایک آسان اور صحت مند طریقہ ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ذیابیطس، خون کی شریانوں یا کینسر کے شکار ہوں تو انہیں اس طریقہ کار پر عمل ڈاکٹر کی اجازت کے بغیر نہیں کرنا چاہئے۔

یہ طبی تحقیق جریدے سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسین میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں