اگر آپ موٹاپے سے پریشان ہیں تو اس سے نجات کے لیے اکثر افراد دو آپشنز کا ہی انتخاب کرتے ہیں ڈائٹنگ یا جم جاکر ورک آﺅٹ۔

اگرچہ یہ دونوں ہی آپشن ٹھیک ہیں، لیکن اگر آپ کے پاس ایسا کرنے کا وقت نہیں یا پھر ہمت نہیں ہوتی تو اس سے بھی آسان طریقہ کار اپنایا جاسکتا ہے۔

امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دو سادہ چیزوں کو اپنا کر بھی جسمانی وزن میں قدرتی کمی لائی جاسکتی ہے۔

بس آپ کو اپنی غذا میں فائبر کا استعمال بڑھانا اور غذائی مقدار کو کم کرنا ہوگا۔

تحقیق کے مطابق فائبر ایک ایسا جز ہے جس کی روزانہ کے لیے طے کردہ مقدار کو ہم عموماً بہت کم ہی استعمال کرتے ہیں، یہ مقدار خواتین کے لیے 25 گرام اور مردوں کے لیے 38 گرام ہے۔

فائبر بے وقت بھوک کو کنٹرول کرنے اور معدے میں اچھے بیکٹریا کو فروغ دینے میں مددگار ہونے کے ساتھ ساتھ ایسا جز ہے جو جلد ہضم نہیں ہوتا یعنی اس پر مشتمل غذا جسم میں کیلوریز کی شکل میں جذب نہیں ہوتی۔

فائبر عام طور پر اجناس جیسے بیج، گریوں، بیریز اور دلیہ وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔

اسی طرح تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اپنی غذائی مقدار میں بتدریج کمی لانا بھی اس مقصد کے لیے بہترین حل ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس طرح کم کیلوریز جسم کا حصہ بنتی ہیں، جس سے وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں