کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست

اپ ڈیٹ 24 فروری 2017
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

کوئٹہ نے 155 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور اسد شفیق نے ٹیم کو 105 رنز کی ناقابل شکست شراکت فراہم کی اور کراچی کے کسی باؤلر کی ایک نہ چلنے دی۔

احمد شہزاد 40 گیندوں میں 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سہیل خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسد شفیق نے بھی ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں میں 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا، وہ بھی سہیل خان کی گیند پر محمد عامر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پچھلے میچ میں چھکوں کی برسات کرنے والے کیون پیٹرسن اس بار بغیر کوئی بال کھیلے سہیل خان کے اسی اوور میں رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ریلے روسوو تھے جو 142 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد 19 رنز جبکہ محموداللہ 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

اہم میچ میں کپتان کمار سنگاکارا اور بابر اعظم نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 63 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

سنگاکارا نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 28 رنز بنائے تاہم پھر وہ کریز سے باہر نکل کر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں محموداللہ کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم کے اسکور میں 14 رنز کے اضافے کے بعد بابر اعظم بھی 36 کے انفرادی اسکور پر چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر حسن خان کے خوبصورت کیچ کے باعث آؤٹ ہوگئے، انہیں بھی محموداللہ نے آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 9 رنز بنانے کے بعد 94 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، ان کا کیچ بھی محموداللہ کی گیند پر حسن خان نے کیا۔

اب تک ایونٹ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے والے کرس گیل نے اس بار رنز اسکور کیے اور 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔

19ویں اوور کی دوسری گیند میں انور علی نے انہیں کیچ آؤٹ کیا، جبکہ یہ کیچ بھی حسن خان نے پکڑا۔

انور علی کے اسی اوور میں روی بوپارا بھی چھکا مارنے کی کوشش میں صرف ایک رن بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کیرون پولارڈ کی جارحانہ بلے بازی نے ٹیم کے اسکور کو 154 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار کیا۔

انہوں نے 19 گیندوں میں 31 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آخری اوور میں میر حمزہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں