پاکستان کے حالیہ واقعات اور دھماکوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان فیشن ڈیزائن کونسل (پی ایف ڈی سی) نے پی ایف ڈی سی سن سلک فیشن ویک کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو مارچ میں منعقد کیا جارہا تھا۔

ڈان امیجز کی رپورٹ کے مطابق یہ فیشن ویک ویسے تو رواں سال 2 سے 5 مارچ تک منعقد کیا جانا تھا، تاہم لاہور میں حال ہی میں ہونے والے دھماکے کے باعث کونسل نے اسے فی الحال منسوخ کرنا بہتر سمجھا، جبکہ حالات بہتر ہونے پر اسے دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔

کونسل کے پبلسسٹ کے مطابق ڈیزائنرز، کونسل اور پورا لاہور گزشتہ روز ہونے والے دھماکے سے کافی پریشان ہے اور ایسے موقع پر پاکستان سن سلک فیشن ویک جیسے بڑے ایونٹ کو منعقد کرنے پر محتاط ہونا چاہیے جس میں میڈیا کے ساتھ ساتھ پورے ملک سے فیشن سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور: ڈیفنس میں دھماکا، 10 افراد جاں بحق

ذرائع کے مطابق امید ہے کہ یہ ایونٹ دوبارہ جلد منعقد کیا جائے گا، تاہم اس وقت سیکیورٹی کو دیکھتے ہوئے اسے منسوخ کرنا ہی بہتر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد لاہور کے علاقے گلبرگ میں بھی ایک اور دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، تاہم وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے گلبرگ میں دھماکے کی تردید کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

ahmak adamı Feb 25, 2017 09:33am
لاہور میں حال ہی میں ہونے والے دھماکے کے باعث کونسل نے سن سلک فیشن ویک منسوخ کرنا بہتر سمجھا،Chaudhry + Rana sanaullah says - it was not bomb blast. So why fear?پورا لاہور گزشتہ روز ہونے والے دھماکے سے کافی پریشان ہے
ahmak adamı Feb 25, 2017 09:33am
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے گلبرگ میں دھماکے کی تردید کردی تھی۔