آسٹریلیا کی انڈیا کے خلاف پوزیشن مستحکم

24 فروری 2017
اسٹیو اوکیف نے ہندوستان کے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا—فوٹو:رائٹرز
اسٹیو اوکیف نے ہندوستان کے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا—فوٹو:رائٹرز
آسٹریلیا کے کپتان اسمتھ دوسری اننگز میں نصف سنچری بنا کر ناقابل شکست ہیں—فوٹو: اے پی
آسٹریلیا کے کپتان اسمتھ دوسری اننگز میں نصف سنچری بنا کر ناقابل شکست ہیں—فوٹو: اے پی

آسٹریلیا نے اسپن باؤلر اسٹیو اوکیف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ہندوستان کی پوری ٹیم کو سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں 105 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کی 9 وکٹیں 256 رنز پر گرچکی تھیں جس میں مزید تین رنز کا اضافہ ہوا۔

آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے بلےباز مچل اسٹارک تھے جنھوں نے بہترین 61 رنز بنائے۔

ہندوستان کی جانب سے امیش یادیو بہترین باؤلر رہے جنھوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور ایشون نے 3 اور رویندرا جدیجا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میزبان ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف بلے بازی شروع کی تو جوش ہیزل ووڈ نے مرلی وجے کو 26 رنز پر آؤٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھیں: رینشا، اسٹارک نے آسٹریلین بیٹنگ کی لاج رکھ لی

مچل اسٹارک نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 رنز پر پہلے چیتشور پجارا کو 6 رنز پر پھر انڈین کپتان ویرات کوہلی کو صفر پر آؤٹ کیا۔

اسٹیو اوکیف نے اپنی بہترین بلےبازی کا سلسلہ 64 رنز بنانے والے راہول کو 94 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے شروع کیا جو ہندوستانی ٹیم کو ایک مختصر اسکور میں آؤٹ کرکے مکمل ہوا۔

ہندوستان کے آخری سات بلے باز صرف 11 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوئے جو ان کی تاریخ کی بدترین کارکردگی ہے، اس سے قبل انڈین ٹیم نے 1989-90 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں آخری سات وکٹیں 18 رنز پر گنوادی تھی۔

ہندوستان کے 8 بلے باز اوکیف کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے۔

ہندوستان کی پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی تو اس کو 155 رنز کے خسارے کا سامنا تھا جس کو آسٹریلوی کپتان کی بلےبازی نے مزید طول دے دیا۔

مہاراشٹرا کرکٹ اسٹیڈیم میں جب دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 4 وکٹوں پر 143 رنز بنا کر اپنی برتری کو مضبوط کرتے ہوئے 298 رنز کرلیا تھا۔

کپتان اسٹیون اسمتھ دوسری اننگز میں 59 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ وارنر اور شان مارش بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔

پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے رینشا 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ہینڈزکومب 19 رنز بنا سکے۔

مچل مارش 21 رنز بنا کر کپتان اسمتھ کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان جاری سیریز میں 4 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں