بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ پاکستان میں تیار کی گئی ’سازش‘ کے باعث جان بوجھ کر کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ریاست اتر پردیش کے انتخابات سے قبل ایک ریلی سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے کہا کہ ’پولیس کو گزشتہ سال نومبر میں پیش آنے والے اس واقعے میں تخریب کاری کے ثبوت ملے تھے، جس کی سازش پاکستان میں کی گئی۔‘

یاد رہے کہ نومبر 2016 میں اتر پردیش میں پیش آنے والے اس ٹرین حادثے میں 148 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس نے بھارتی وزیر اعظم کے اس دعوے کی کسی حوالے سے تصدیق نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ٹرین حادثہ، 100 سے زائد افراد ہلاک

ریاستی ضلع گوندا میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے کہا کہ ’کانپور میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد چند افراد کو گرفتار کیا گیا اور پولیس کو پتہ چلا کہ حادثہ درحقیقت ایک سازش تھی جو سرحد پار تیار کی گئی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ لوگ جنہوں نے سازشیوں کی مدد کی اگر منتخب ہوگئے تو کیا گوندا اور ملک محفوظ رہے گا؟‘

واضح رہے کہ بھارتی سیاستدانوں کی انتخابات سے قبل عوام میں پاکستان مخالف جذبات ابھارنے کی طویل تاریخ ہے اور وہ ملک میں دہشت گردی کے ہر واقعے اور ایسے حادثات جن میں جانی نقصان ہوا ہو، کا ذمہ دار اپنے سیاسی فائدوں کے لیے پاکستان کو ٹھہراتے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت: ٹرین پٹری سے اتر گئی، 36 افراد ہلاک

نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اترپردیش کے انتخابات میں میں حکمراں جماعت ’سماج وادی پارٹی‘ کی جانب سے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔

اترپردیش میں کامیابی 2019 کے عام انتخابات کے حوالے سے نریندر مودی اور ان کی جماعت کے سیاسی مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

سید آصف جلال Feb 25, 2017 10:59am
انڈیا میں ووٹ بنک بڑھانے کا واحد طریقہ پاکستانی مخالف بیان بازی ہے ۔۔