سیالکوٹ میں غلطی سے ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے والی معمر پاکستانی خاتون ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئیں۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون—۔فوٹو/ عمران صادق
بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون—۔فوٹو/ عمران صادق

سیالکوٹ کے تھانہ پھکلیان پولیس کے مطابق گاؤں دیاوڑہ کی رہائشی خاتون رشیدہ بی بی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور وہ جمعرات (23 فروری) کو غلطی سے راستہ بھٹک کر سرحد پار کرگئی تھیں۔

پولیس کے مطابق ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے خاتون پر فائرنگ کردی، جس سے وہ جاں بحق ہوگئیں۔

خاتون کی موت کے بعد سرحدی گاوں میں شہریوں کے احتجاج کرنے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی حکام کی موجودگی میں لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔

لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں جانب سے غلطی سے سرحد پار کرنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:غلطی سے سرحد پار کرنیوالا پاکستانی بی ایس ایف کی فائرنگ سے ہلاک

گذشتہ برس اگست میں بھی ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے غلطی سے سرحد پار کرکے ہندوستانی حدود میں داخل ہوجانے والے نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا، جس کی لاش بعدازاں پاکستان رینجرز کے حوالے کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:غلطی سے ہندوستان جانے والا کشمیری بچہ واپس

گذشتہ برس ہی رینجرز سے لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران بی ایس ایف نے اتفاقیہ طور پر سرحد عبور کرنے والوں کی محفوظ واپسی اور غیر اعلانیہ فائرنگ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔

تبصرے (0) بند ہیں