انڈیا کی سرزمین میں غیرملکیوں کی تاریخی باؤلنگ

25 فروری 2017
آسٹریلیا نے ہندوستان کو 333 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی—فوٹو:رائٹرز
آسٹریلیا نے ہندوستان کو 333 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی—فوٹو:رائٹرز

آسٹریلیا نے اسٹیو اوکیف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ہندوستان کو پونے ٹیسٹ میں 333 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی جبکہ او کیف نے پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر کا انڈیا کی سرزمین میں دوسری بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر موجود ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں 105 اور دوسری اننگز میں 107 رنز پر آؤٹ کرنے میں بنیادی کردار آسٹریلوی اسپنر اسٹیو اوکیف تھا۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر اسٹیو اوکیف نے دونوں اننگز میں 6،6 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 70 رنز دے کر 12 وکٹیں لیں جو ہندوستان کے خلاف انھی کی سرزمین میں دوسری بہترین باؤلنگ ہے۔

مزید پڑھیں: پونے ٹیسٹ کے تیسرےروز بھارت کو بدترین شکست

انگلینڈ کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر آئن بوتھم نے 1980 میں ممبئی میں مجموعی طور پر 106 رنز دے کر 13 وکٹیں حاصل کی تھیں جو انڈیا کی سرزمین میں انڈیا کے خلاف بہترین باؤلنگ ہے۔

تیسرے نمبر پر پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر فضل محمود ہیں جنھوں نے 23 اکتوبر 1952 میں لکھنئو میں 94 رنز کے عوض 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسٹیو اوکیف نے 70 رنز دے کر 12 وکٹیں حاصل کرکے 24 رنز کے فرق سے فضل محمود سے دوسرا نمبر چھین لیا۔

ہندوستان کے خلاف ان کے میدان میں بہترین باؤلنگ کے ریکارڈ میں چوتھے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے سر اینڈی رابرٹس ہیں۔

اینڈی رابرٹس نے 121 رنز کے عوض ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔

ہندوستان کے خلاف اس ریکارڈ کی فہرست میں پانچویں نمبر پر بھی آسٹریلیا کے ہی سابق آل راؤنڈر ایلن ڈیوڈ سن ہیں۔

ایلن ڈیوڈ سن نے دسمبر 1959 میں کانپور ٹیسٹ میچ میں 12 وکٹوں کے حصول کے لیے 124 رنز دیے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Feb 26, 2017 02:49pm
کیا یہ ایک تاریخی شکست ہے؟