جلتے ہوئے ’آئی فون 7 پلس‘ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ’ایپل‘ نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ڈیجیٹل میڈیا ویب سائٹ ’میشیبل‘ کی رپورٹ کے مطابق جلتے ہوئے آئی فون 7 پلس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایپل حکام فوری حرکت میں آگئے۔

بِریانا اولیواس کی طرف سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں آئی فون کے کیس کو جل کر پگھلتے ہوئے اور فون کے ایک طرف سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو 12 لاکھ سے زائد بار دیکھا اور 18 ہزار سے زائد بار ری ٹوئٹ کیا گیا، جبکہ متعدد لوگوں نے اس پر تبصرہ کیا۔

ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے لوگ مسئلے کی شناخت کی کوشش کرتے رہے، تاہم ایپل کی جانب سے اس کی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن لیتھیم آئن کی خراب بیٹری اور خراب پارٹس فون کے جلنے کی وجہ ہوسکتے ہیں۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے اس آئی فون 7 پلس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے سیم سنگ کے ’گلیکسی نوٹ 7‘ کی یادوں کو لوگوں کے ذہنوں میں ایک بار پھر زندہ کردیا۔

جلنے کے واقعے کے بعد اس آئی فون کو دوبارہ ایپل کے حوالے کردیا گیا جس نے اس کی جانچ شروع کردی ہے اور ممکنہ طور پر معاملے کو ایک ہفتے کے اندر حل کرلیا جائے گا۔

ایپل کے ترجمان نے میشیبل کو بتایا کہ ’ہم فون کے کسٹمر سے رابطے میں ہیں اور معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

تبصرے (0) بند ہیں