پاکستان نے دو برس قبل غلطی سے آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں داخل ہوجانے والے دو کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکام کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی بھارتی حکام نے غلطی سے ورکنگ باؤنڈری پار کرجانے والی معمر پاکستانی خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا تاہم اس کے باوجود پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے دو کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

23 سالہ بلال احمد اور 24 سالہ ارفاز یوسف کی حوالگی مظفر آباد کے جنوب میں 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چکھوٹی اڑی کراسنگ پوائنٹ پر قائم کامان برج پر کی گئی جہاں دونوں اطراف کے سول و ملٹری حکام موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: غلطی سے سرحد پارکرنیوالی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق

حکام کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے گاؤں گوریز کا رہائشی بلال احمد جولائی 2015 اور کپواڑہ کا رہائشی یوسف جنوری 2014 کو غلطی سے لائن آف کنڑول عبور کرکے آزاد کشمیر پہنچ گئے تھے۔

یہ دونوں نوجوان آزاد جموں و کشمیر میں پھنس گئے تھے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد ان کی واپسی ممکن ہوئی۔

ان نوجوانوں کی واپسی کے لیے کامان برج پر دونوں اطراف کے حکام جمع ہوئے جن میں میڈیکل میڈیکل ایکسپرٹس بھی تھی جنہوں نے دونوں نوجوانوں کا طبی معائنہ کیا۔

نوجوانوں کی حوالگی کا عمل مکمل ہونے میں ایک گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔

مزید پڑھیں: غلطی سے سرحد پار کرنیوالا پاکستانی بی ایس ایف کی فائرنگ سے ہلاک

بھارتی حکام کے ہمراہ بلال احمد کا بھائی محمد جاوید اور یوسف کے والد محمد یوسف بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے پیاروں کو دیکھتے ہی انہیں گلے لگایا اور اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی پاکستان جذبہ خیر سگالی کے طور پر غلطی سے آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں داخل ہوجانے والے کشمیری شہریوں کو بھارتی حکام کے حوالے کرتا رہا ہے۔

گزشتہ برس اپریل میں پاکستان حکام نے شکیلہ بانو نامی خاتون کو بھارتی حکام کے حوالے کیا تھا جو دو برس قبل غلطی سے اس طرف آگئی تھیں۔

اسی طرح جولائی 2015 میں مقبوضہ کشمیر کے 18 سالہ امتیاز اور 17 سالہ سلیم غلطی سے آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں داخل ہوگئے تھے تاہم پاکستان نے انہیں پر امن طریقے سے بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: غلطی سے ہندوستان جانے والا کشمیری بچہ واپس

اس سے قبل دسمبر 2014 میں 12 سالہ نسرین بی بی کو بھی پاکستان نے بھارتی حکام کے حوالے کیا جو غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کرگئی تھی۔

البتہ بھارت کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے، دو روز قبل 23 فروری کو ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے سیالکوٹ میں غلطی سے ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے والی معمر پاکستانی خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

خاتون کی موت کے بعد سرحدی گاؤں میں شہریوں کے احتجاج کرنے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی حکام کی موجودگی میں لاش ورثاء کے حوالے کی۔

تبصرے (0) بند ہیں