راولپنڈی: پاک فوج نے حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد آپریشن ’ردالفساد‘ شروع کرنے کے بعد ملک بھر میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے خصوصی نمبر جاری کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں عوام کو مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے لیے درخواست کی گئی کہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع کے لیے یونیورسل نمبر ’1135‘ جبکہ خیبر پختونخوا میں ’1125‘ پر رابطہ کیا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا دہشت گرد کی اطلاع کے لیے ان نمبرز کو موبائل فونز یا ٹیلی فون سے کوئی کوڈ ملائے بغیر ڈائل کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب ڈان نیوز نے رپورٹ کیا کہ آئی ایس پی آر نے آپریشن ردالفساد کو کامیاب کرنے کے لیے عوام سے تعاون کے اپیل کرتے ہوئے کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کے لیے واٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن رد الفساد : 4 دہشتگرد ہلاک، 600 گرفتار، آئی ایس پی آر

رپورٹ کے مطابق پنجاب رینجرز کو واٹس ایپ نمبر 03408880100 پر اطلاع دئیے جانے سمیت پی ٹی سی ایل نمبر 04299220030 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاک فوج نے حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد آپریشن’ردالفساد‘ کا آغاز 22 فروری کو کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے 25 فروری کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رینجرز نے پنجاب میں 2000 سرچ آپریشن کیے، ان آپریشنز کے دوران 4 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 600 سے زائد مشتبہ افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا۔

اس سے قبل آپریشن ’رد الفساد‘ کا عملی طور پر آغاز 23 فروری کو سب سے پہلے راولپنڈی میں دیکھنے میں آیا تھا جہاں پاک فوج، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی تھی۔

اس کارروائی کے نتیجے میں 13 افغان باشندوں سمیت 40 مشکوک افراد کی گرفتاری اور ان کے قبضے سے بڑے پیمانے پر ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں