عامر خان 23 اپریل کو مینی پکاؤ سے فائٹ کریں گے

26 فروری 2017
عامر خان تین مرتبہ کے عالمی چیمپیئن ہیں— فوٹو: اے ایف پی
عامر خان تین مرتبہ کے عالمی چیمپیئن ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان گیارہ مرتبہ کے عالمی چیمپیئن مینی پکاؤ سے 23 اپریل کو فائٹ کریں گے۔

اس فائٹ کا انتظام شائقین کی آرا کو مدنظر رکھ کر کیا گیا جنہوں نے ٹوئٹر پر مینی پکاؤ کے حریف کی حیثیت سے عامر خان کا انتخاب کیا۔

38 سالہ مینی پکاؤ نے کہا کہ میرے فینز یہی چاہتے ہیں اور میں ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے 23 اپریل کو عامر خان کے خلاف رنگ میں اتروں گا۔

عامر خان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے کیل بروک، آسٹریلیا کے جیف ہارن اور امریکا کے ٹیرنس کرافورڈ کے نام بھی فائٹ کے امیدواروں کی فہرست میں شامل تھے لیکن 48فیصد فینز نے 2004 کے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے برطانوی باکسر کے حق ووٹ دے کر انہیں اس اہم فائٹ کا امیدوار بنا دیا۔

تین مرتبہ کے عالمی چیمپیئن کا مقابلہ 11 مرتبہ کے چیمپیئن سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا لیکن ابھی تک فائٹ کے مقام کا تعین نہیں کیا گیا۔ عامر خان نے آخری فائٹ مئی 2016 میں لڑی تھی اور میکسکو کے سال کنیلو الواریز نے انہیں ناک آؤٹ کردیا تھا۔

مینی پکاؤ گزشتہ سال اپریل میں ریٹائر ہو گئے تھے لیکن انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لی اور نومبر میں جیسی ورگاس کو شکست دے کر اپنا بیلٹ واپس حاصل کر لیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں