کابل: افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں ہونے والی فضائی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کے سینئر کمانڈر ملا عبدالسلام اخوند ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں رائٹرز کے مطابق ایک سینئر طالبان عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ 'ڈرون حملے میں ملا عبدالسلام اخوند سمیت 3 جنگجو ہلاک ہوئے'۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ملا عبدالسلام اخوند کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔

مذکورہ طالبان عہدیدار کے مطابق، 'ملا عبدالسلام اخوند کچھ دن کے سفر کے بعد دشتے آرچی کے علاقے میں اپنے گھر میں ٹھہرے تھے کہ ڈرون کے ذریعے سے میزائل فائر کیا گیا'۔

رائٹرز کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ملا اخوند کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

مزید پڑھیں:افغانستان دستی بم حملہ، ایک خاندان کے 11 افراد ہلاک

دوسری جانب امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 'ایک امریکی جنگی جہاز نے قندوز میں اتوار (26 فروری) کو کارروائی کی، تاہم کمانڈ کو نتائج کے حوالے سے تصدیق موصول نہیں ہوئی'۔

شمالی افغانستان کے ایک سینئر پولیس کمانڈر شیر عزیز کماوال نے بھی بتایا کہ 'فضائی کارروائی کے دوران ملا عبدالسلام اخوند اور 8 دیگر طالبان ہلاک ہوئے'۔

واضح رہے کہ 2015 میں جب طالبان نے مختصر عرصے کے لیے قندوز پر قبضہ کیا تھا تو یہاں طالبان کی قیادت ملا اخوند کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:افغان صوبے قندوز کے اہم ضلع پر طالبان کا قبضہ

افغان حکام متعدد مرتبہ ان کی ہلاکت کے دعوے کرچکے ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کی بظاہر ہلاکت کی تصدیق طالبان کی جانب سے کی گئی ہے۔

افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں ایک طالبان کمانڈر نے بھی ملا اخوند کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، 'یہ ہماری زندگیوں کا حصہ ہے، ہمیں یہ تصدیق کرتے ہوئے فخر ہے کہ وہ ایک مقصد کے حصول کی خاطر شہید ہوئے'۔

تبصرے (0) بند ہیں