پی ایس ایل 2017 کی بڑی فتوحات

27 فروری 2017
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رنز وکٹوں کے لحاظ سے دو بڑی فتوحات حاصل کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رنز وکٹوں کے لحاظ سے دو بڑی فتوحات حاصل کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے راؤنڈ میچوں میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے جہاں ہار جیت کا مارجن بہت کم رہا جس کےباعث سب سے بڑی فتح 7 وکٹوں اور رنز کے اعتبار سے 9 رنز کی بڑی فتح رہی۔

دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں پشاورزلمی کو 9 گیندیں قبل 7 وکٹوں سے شکست دے کر وکٹوں کے لحاظ سے بڑی فتح حاصل کی جس کو راؤنڈ میچوں میں نہیں توڑا جاسکا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز راؤنڈ میچوں میں بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی تاہم پشاورزلمی نے ان سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف پانچویں میچ میں 5 گیندیں قبل سات وکٹوں سے راؤنڈ میچوں کی دوسری بڑی فتح حاصل کی۔

لاہور قلندرز نے چند میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ ضرور کیا لیکن مجموعی طورپر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور پلے آف تک رسائی بھی نہ ہوئی لیکن لیگ کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 10 گیندیں قبل 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جو تیسرے نمبر پر بڑی فتح ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہوگا: وزیر قانون پنجاب

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دبئی میں 15 ویں میچ میں کراچی کنگز کو 6 گیندیں قبل 6 وکٹوں سے ہرا کر بہترین فتوحات کی فہرست میں دوسری کے بعد چوتھی پوزیشن بھی اپنے نام کی۔

پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کراچی کنگز کے پاس مشہور کھلاڑیوں کا گروہ ہے لیکن وہ متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور آخری راؤنڈ میچ میں پلے آف میں رسائی کی۔

کراچی کنگز نے بارش سے متاثرہ آخری راؤنڈ میچ میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک گیند قبل 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جو پانچویں بہترین فتح ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کنگز کی پی ایس ایل کے پلے آف میں رسائی

دوسری جانب رنز کے اعتبار سے پشاورزلمی سرفہرست ہے حالانکہ وکٹوں کے اعتبار سے زلمی کو سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پشاورزلمی نے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو 17 رنز سے ہرا کر رنز کے اعتبار سے رواں سیزن کی اب تک کی سب سے بڑی فتح سیمٹی۔

کراچی کنگز نے 13 ویں میچ میں پشاورزلمی کو 9 رنز سے شکست دی جو رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی فتح ہے۔

مزید پڑھیں: پشاورزلمی جیت کے ساتھ پلے آف میں داخل

پی ایس ایل کے دسویں میچ کا فیصلہ بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا تھا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 رنز سے کراچی کنگز کو زیر کرکے تیسری بڑی فتح اپنے نام کی۔

وکٹوں کے اعتبار سے بڑی فتوحات سمیٹنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے لیگ کےدوسرے میچ میں لاہور قلندرز کو 8 رنز سے شکست دی تھی جس کو تیسرا نمبر حاصل ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 24 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرز کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس کے آخری اوور میں گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 4 رنز درکار تھے لیکن وہ رلی روسو جیسے کھلاڑی کی وکٹ میں موجودگی کےباوجود جیتنے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ کو ایک رن سے شکست

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر محمد سمیع کی شاندار باؤلنگ کے باعث ایک رن سے کامیابی پی ایس ایل 2017 کے راؤنڈ میچوں میں کم ترین مارجن کی فتح ہے۔

پی ایس ایل 2017 کا پہلا پلے آف سرفہرست ٹیموں پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےدرمیان 28 فروری کو کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

دوسرا پلے آف یکم مارچ کو شارجہ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا جس کی فاتح ٹیم پہلے پلے آف کی ہارنے والی ٹیم سے 3 مارچ کو تیسرا پلے آف کھیلے گی اور فاتح ٹیم فائنل میں جائے گی۔

پی ایس ایل 2017 کا فائنل 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں