گلیکسی ایس 8 کے متعارف ہونے کی تاریخ سامنے آگئی

27 فروری 2017
— یوٹیوب ویڈیو اسکرین شاٹ
— یوٹیوب ویڈیو اسکرین شاٹ

اگر تو آپ سام سنگ کے اگلے فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس ایٹ کو خریدنے کے خواہشمند اور انتظار کررہے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب اس کے سامنے آنے میں کچھ زیادہ دن نہیں رہ گئے۔

بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران سام سنگ نے گلیکسی ایس 8 کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان ایک ویڈیو کے لیے ذریعے کیا۔

اگرچہ اس جنوبی کورین کمپنی نے اس ایونٹ میں فون کی بجائے صرف ٹیبلیٹس اور دیگر ڈیوائسز متعارف کرائیں تاہم اس بار گلیکسی ایس سیریز کا فون دیکھنے میں نہیں آیا۔

مگر اس نے یہ ضرور اعلان کیا کہ 29 مارچ کو اس کا اب تک سب سے طاقتور اینڈرائیڈ فون نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔

اگرچہ کمپنی نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں مگر لیکس کی مہربانی سے اس کے متعدد فیچرز پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔

سام سنگ کے اس نئے فلیگ شپ فون میں ایسا فیچر پیش کیا جانے والا ہے جو اس وقت آئی فون یا کسی اور اینڈرائیڈ فون میں موجود نہیں۔

خود سوچیں کہ ایک بہترین اسمارٹ فون آپ کے ہاتھ میں ہو مگر اس کے ساتھ وہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کا کام بھی کرے تو کیا ہوگا؟

مختلف رپورٹس کے مطابق گلیکسی ایس 8 کسی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کی طرح بھی کام کرسکے گا۔

گلیکسی ایس 8 میں DeX نامی خصوصی ڈوک ہوگا جو آپ کو اس فون کو بطور ڈیسک ٹاپ اینڈرائیڈ کمپیوٹر کے ساتھ کام کرنے میں مدد دے گا آپ کو بس مانیٹر، ماﺅس اور کی بورڈ کی ضرورت ہوگی۔

ایسا تجربہ مائیکروسافٹ نے اپنے لومیا 950 اسمارٹ فون میں کیا تھا مگر ونڈوز 10 موبائل لوگوں کو کچھ خاص پسند نہیں تو اس لیے یہ ناکام ثابت ہوا۔

اس فون میں کوالکوم کا نیا طاقتور اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر ہوگا جو کہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے تجربے کے لیے کافی ثابت ہوگا۔

اسی طرح ایک اور بڑا فیچر انفینٹی اسکرین ہے جو کہ ورچوئل طور پر اس فون کے فرنٹ پینل کو کور کرے گی یا یوں کہہ لیں کہ مکمل طور پر فرنٹ پر بس پوری اسکرین ہوگی جسے ایج لیس اسکرین بھی کہا جاتا ہے اور فنگر پرنٹ اسکینر بیک پر چلا جائے گا۔

اس سے ہٹ کر مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ، یو ایس بی سی اور گئیر وی آر ہیڈ سیٹ وغیرہ بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں