مڈغاسکر میں سائیکلون سے 78 افراد ہلاک

15 مارچ 2017
سائیکلون کی رفتار 200 کلو میٹر سے زائد تھی — فوٹو: رائٹرز
سائیکلون کی رفتار 200 کلو میٹر سے زائد تھی — فوٹو: رائٹرز

افریقہ کے جزیرہ نما ملک مڈغاسکر میں سائیکلون سے ہلاکتوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی، جبکہ 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق ساحلی ملک میں گزشتہ ہفتے تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والے طوفان کو گیٹیگری 4 کا طوفان قرار دیا گیا تھا، ابتدائی طور پر 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں 20 افراد کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی تھی لیکن اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

طوفان سے ملک کے شمال مشرقی علاقے شدید متاثر ہوئے، طوفان کی زد میں آنے والے تعلیمی ادارے، دفاتر اور عبادت گاہیں زیادہ تباہی کا شکار ہوئیں، دوسری جانب ونیلا کی فصلیں بھی خراب ہوگئیں۔

واضح رہے کہ مڈغاسکر دنیا بھر میں ونیلا کی فراہمی میں بڑا حصہ رکھتا ہے، جبکہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں ہی اس کی زیادہ پیداوار ہوتی ہے۔

فوٹو: بشکریہ اسکائی نیوز—۔
فوٹو: بشکریہ اسکائی نیوز—۔

جزیرہ نما مڈغاسکر کی آبادی 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔

مڈغاسکر کے نیشنل بیورو آف رسک اینڈ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق طوفان سے 2 لاکھ 50ہزار افراد بے گھر ہوئے۔

نیشنل بیورو آف رسک اینڈ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے 78 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 20 افراد لاپتہ ہیں، جن کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ بھی بتایا گیا کہ طوفان سے 500 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے اکثر ابھی زیر علاج ہیں۔

ساحلی ملک ہونے کے باعث مڈغاسکر اکثر سمندری طوفانوں کی زد میں رہتا ہے، 2012 میں یہاں آنے والے سمندری طوفان کے نتیجے میں 112 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں