کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کوہلو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کارروائی کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق کوہلو میں فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 28 کلو گرام بارودی مواد، 6 راکٹس اور دیگر اسحلہ برآمد کیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق جس کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا گیا وہ کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں کے زیراستعمال تھا تاہم چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں فائرنگ سے دو کسٹم اہلکار ہلاک

علاوہ ازیں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے کوئٹہ کے علاقے اسمنگلی میں علیحدہ کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لے لیا۔

سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے قبضے سے پانچ ایس ایم جی، تین راکٹ اور دیگر اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران تشدد اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور رقبے کے اعتبار سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں بلوچ علیحدگی پسند گروپس بھی سرگرم ہیں۔

صوبے میں القاعدہ سے وابستہ اور فرقہ وارانہ کارروائیاں کرنے والے شدت پسند بھی فعال ہیں۔

بلوچستان کی سرحد افغانستان اور ایران سے ملتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں