گلیکسی ایس 8 کو صرف آواز سے چلانا بھی ہوگا ممکن

20 مارچ 2017
ممکنہ گلیکسی ایس 8 — فوٹو بشکریہ ایولیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ
ممکنہ گلیکسی ایس 8 — فوٹو بشکریہ ایولیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ

سام سنگ کو لگتا ہے کہ عام لوگوں کے لیے اپنے اسمارٹ فونز کو استعمال کرنا بہت مشکل ہے اور اس کا حل ایک ڈیجیٹل اسسٹنٹ کی شکل میں پیش کیا ہے۔

جی ہاں سام سنگ نے اپنا پہلا ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی متعارف کرادیا ہے جو آپ کی آواز پر فون کا ہر فنکشن استعمال کرسکے گا۔

اور یہ اسسٹنٹ سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 8 میں پیش کیے جانے والا ہے۔

سام سنگ نے ایک بلاگ پوسٹ میں اس ڈیجیٹل اسسٹنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ گلیکسی ایس ایٹ کا حصہ ہوگا اور ایک مخصوص بٹن سے حرکت میں آئے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ سام سنگ کی جانب سے اپنے کسی فلیگ شپ فون کے اہم فیچر کا اعلان اسے متعارف کرانے سے کئی دن پہلے کردیا گیا ہو۔

سام سنگ کے مطابق بیکسبی فون میں ہر چیز کو کنٹرول کرسکے گا اور یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ ہر زبان کو بہتر طریقے سے سمجھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہوگا اس طرح یہ دیگر ڈیجیٹل اسسٹنس سے مختلف ہوگا اور آپ کو مخصوص وائس کمانڈز یاد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس ڈیجیٹل اسسٹنٹ کی تیاری کے پیچھے یہ خیال ہے کہ نئے اسمارٹ فونز استعمال میں بہت زیادہ پیچیدہ ہوگئے ہیں لہذا ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کے لیے زیادہ قدرتی ذریعے کی ضرورت ہے۔

اب یہ کس حد تک اچھا ہے وہ تو گلیکسی ایس ایٹ کے سامنے آنے پر ہی معلوم ہوسکے گا جو کہ 29 مارچ کو متعارف کرایا جائے گا۔

یہ بھی اندازہ ہے کہ یہ صرف فون کو کنٹرول کرنے میں مدد دے گا تاہم سرچ یا دیگر معلومات کے حصول کے لیے مددگار نہیں ہوگا مگر یہ ضرور واضح ہے کہ سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون کا یہ فیچر فی الحال کسی اور ڈیوائس میں دستیاب نہیں یہاں تک کہ آئی فون بھی اس سے محروم ہے۔

ایک لیک رپورٹ کے مطابق گلیکسی ایس 8 کی قیمت 799 یورو (نوے ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ ایس ایٹ پلس کی 899 یورو (ایک لاکھ روپے سے زائد) ہوگی۔

اب تک سامنے آنے والی لیکس کے مطابق یہ فون ممکنہ طور 5.8 انچ اور 6.2 انچ ڈسپلے کے دو ورژن میں متعارف کرایا جائے گا جس کے لیے امولیڈ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں