جے پی ڈومینی،آئی پی ایل سے دست بردار

21 مارچ 2017
ڈومینی نے آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں دہلی ڈیئرڈیولز کی دومیچوں میں قیادت بھی کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
ڈومینی نے آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں دہلی ڈیئرڈیولز کی دومیچوں میں قیادت بھی کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلےباز جے پی ڈومینی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نئے سیزن سے دست برداری کا اعلان کردیا ہے۔

32 سالہ جے پی ڈومینی کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ماہ سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ سے ذاتی وجوہات کی بنا پر دست بردار ہورہے ہیں جبکہ ان کی ٹیم دہلی ڈیئرڈیولز نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بائیں ہاتھ کے بلےباز نے کہا کہ 'میرے لیے یہ فیصلہ بڑامشکل تھا لیکن یہ مکمل طور پر ذاتی وجوہات کے باعث کیا گیا فیصلہ ہے'۔

ان کے بیان میں مبہم انداز میں کہا گیا ہے کہ 'وہ مستقبل میں جلد ہی فرنچائز کا حصہ ہوں گے'۔

ڈومینی نے آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں 32 میچ کھیلے تھے۔

جنوبی افریقی بلے باز 2014 میں دہلی ڈیئرڈیولز میں شامل ہوئے تھے اور آئی پی ایل کے گزشتہ ٹورنامنٹ میں ظہیر خان کی جگہ دو میچوں میں ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹوکس آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی

دہلی ڈیئرڈیولز کے چیف ایگزیکٹیو ہیمنت دعا کا کہنا تھا کہ 'ہمیں ڈومینی کے فیصلے کا احترام ہے لیکن ہم اس فیصلے سے مایوس ہیں کہ اس سال ڈومینی ہماری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے تاہم بطور فرنچائز ہم ان کی صورت حال کو سمجھ سکتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم مناسب وقت پر ان کے متبادل کو چن لیں گے'۔

آئی پی ایل کے 10 ویں ایڈیشن کا آغاز 5 اپریل 2017 کو ہوگا جہاں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ کے مایہ ناز بلےباز کیون پیٹرسن بھی آئی پی سی سے دست بردار ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں