آئی فون کا اسپیشل ایڈیشن متعارف

21 مارچ 2017
— فوٹو بشکریہ ایپل
— فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے غیر متوقع طور پر اپنا ایک نیا آئی فون متعارف کرا دیا ہے۔

ویسے تو یہ آئی فون سیون اور آئی فون سیون پلس ہی ہے مگر اس کی انفرادیت یہ ہے کہ پہلی بار ایپل نے اپنی اس فلیگ شپ ڈیوائس کو سرخ رنگ میں تیار کیا ہے۔

منگل کو ایپل نے اپنے فلیگ شپ فون کے اس نئے ورژن کو متعارف کرایا جو کہ ریڈ پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد افریقہ میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے مقابلے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنا ہے۔

آئی فون سیون اور سیون پلس کا یہ اسپیشل ایڈیشن 128 جی بی اور 256 جی بی میموری کے ساتھ ہوں گے۔

یہ آئی فون کی دس سالہ تاریخ میں پہلی بار ہے کہ اس رنگ کا فون فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

فوٹو بشکریہ ایپل
فوٹو بشکریہ ایپل

برسوں سے آئی فون عام طور پر چند مخصوص رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جاتا رہا ہے مگر سرخ رنگ کو کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔

ایپل کا کہنا ہے کہ اس اسپیشل ایڈیشن آئی فون سے حاصل ہونے والی آمدنی ایچ آئی وی اور ایڈز فنڈ کو دی جائے گی۔

اس آئی فون سیون کے 128 جی بی اور 256 جی بی ماڈل کی قیمت بالترتیب 749 ڈالرز (78 ہزار پاکستانی روپوں سے زائد )اور 849 ڈالرز (89 ہزار روپے) ہوگی۔

اسی طرح آئی فون سیون پلس 869 (91 ہزار) اور 969 ڈالرز (ایک لاکھ روپے سے زائد) کا ہوگا۔

یہ دونوں آئی فون جمعے سے فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں تاہم پہلے یہ کہاں دستیاب ہوں گے اس بارے میں ایپل نے کچھ نہیں بتایا۔

تبصرے (0) بند ہیں