اسپاٹ فکسنگ: ’پاکستان کرکٹ کو مشکل وقت کا سامنا ہے‘

22 مارچ 2017
پاکستانی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز پر چار ٹی20، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز پر چار ٹی20، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سبب قومی ٹیم کو مشکل وقت کا سامنا ہے لیکن امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی عالمی سطح پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خالد لطیف اور شرجیل خان کو اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔

دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بعد میں شاہ زیب حسن، محمد عرفان اور ناصر جمشید کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے معطل کر دیا تھا اور ان کے خلاف معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا لیکن ہم یقیناً مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور ہمیں آئندہ سیریز میں ٹیم اور اپنے عوام کا حوصلہ بڑھانے کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود گرین شرٹس کو ورلڈ کپ تک براہ رسائی کا چیلنج درپیش ہے جہاں 30ستمبر 2017 تک درجہ میں صف اول کی آٹھ ٹیمیں 2019 ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کی اہل ہوں گی۔

تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان کو اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے محض ایک فتح درکار ہے جبکہ سیریز میں فتح ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دے گی۔ سیریز میں وائٹ واش کی بدولت پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کی ساتویں پوزیشن پر قابض ہو جائے گی۔

قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کی طرح سرفراز نے بھی تسلیم کیا کہ اوپنر شرجیل خان کی عدم دستیابی ٹیم کیلئے بڑا دھچکا ہے لیکن امید ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز پر نوجوان کھلاڑی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ خلا پر کرنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گفتگو کرتے ہوئے ایسے کھلاڑیوں سے مھروم ہونا بہت مایوس کن ہے جو اس طرز کی کرکٹ کیلئے بہترین ہیں۔ شرجیل ایسے کھلاڑی تھے جن کی ہمیں ضرورت تھی کیونکہ وہ جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس بڑے دھچکے کے باوجود ٹیم اس معاملے کو پس پشت ڈال کر بہترین کارکردگی کیلئے تیار ہے۔ شرجیل کی غیرموجودگی سے یقیناً فرق پڑے گا لیکن مجھے نئے نوجوان کھلاڑیوں سے پوری امید ہے وہ انٹرنیشنل سطح پر بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں