پاکستان کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور ان کے صاحبزادے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں جدہ ایئرپورٹ میں بظاہر ان کی کسی مسافر سے بحث کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پر لندن کی پرواز پر سوار ہونے کے لیے بننے والی قطار میں ایک شخص سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور ان کے صاحبزادے سے کہہ رہا ہے کہ وہ لائن میں لگیں اور آگے آنے کی کوشش نہ کریں۔

مقامی میڈیا کی جانب سے اس واقعے کو پاکستان کے سابق چیف جسٹس کے لیے'باعث خفت تجربہ' قرار دیا گیا تاہم ایسا لگتا ہے کہ بزنس کلاس کے مسافروں کو پہلے طیارے میں سوار ہونے کی سہولت حاصل ہونے کا علم نہ ہونے کی وجہ سے بحث ہوئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چوہدری افتخار کے صاحبزادے نامعلوم شخص کو یہ وضاحت دے رہے ہیں کہ انہیں کہا گیا ہے کہ وہ طیارے میں پہلے سوار ہونے کے لیے آگے چلے جائیں کیوں کہ وہ بزنس کلاس کے مسافر ہیں لیکن وہ شخص بحث کرتا رہا کہ وہ لائن کے بغیر آگے نہیں جاسکتے۔

ویڈیو میں اس شخص کویہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 'کاؤنٹر پر جاکر بات کریں اور درمیان سے قطار میں داخل نہ ہوں، ہم بھی انتظار کررہے ہیں'۔

بعد ازاں اس سے پہلے کہ معاملہ زیادہ بڑھتا سابق چیف جسٹس معاملہ رفعہ دفعہ کرانے کے لیے خود سامنے آگئے اور کہا کہ 'کوئی فرق نہیں پڑتا'، اس کے بعد وہ کیمرے سے اوجھل ہوگئے اور شائد پیچھے جاکر قطار میں شامل ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں