ہونڈا ویزل اور سوزوکی ویٹارا کے مقابلے میں ٹویوٹا نے پاکستان میں اپنی نئی گاڑی سی۔ ایچ آر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کی بکنگ کا سلسلہ جاپان میں شروع ہوچکا ہے اور پاکستان سے بھی کافی تعداد میں لوگوں نے اسے بک کرایا ہے جو انہیں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مل جائیں گی۔

اس گاڑی کو ٹویوٹا نے گزشتہ سال چار مختلف ورژن جیسے سی۔ ایچ آر ایچ وی جی (ہائیبرڈ)، سی۔ ایچ آر ایچ وی ایس (ہائیبرڈ)، سی۔ ایچ آر جی ٹی (اے ڈبلیو ڈی) اور سی۔ ایچ آر ایس ٹی (اے ڈبلیو ڈی) میں متعارف کرایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کا بیرونی ڈیزائن کرولا الٹس اور ویزل کا امتزاج لگتا ہے خصوصاً ہیڈلائٹس پر تو یہ مشابہت کافی واضح ہے تاہم اس کا نچلا حصہ دونوں کو الگ کرتا ہے۔

ہونڈا ویزل کے مقابلے میں یہ گاڑی زیادہ لمبی، چوڑی اور نیچے ہے جبکہ اس کی ٹیل لائٹ گزشتہ سال کی ہونڈا سوک کی ٹیل لائٹس سے ملتی جلتی ہیں۔

اس کا اندرونی حصہ کافی خوبصورت ہے جس کے ڈیش بورڈ میں سافٹ ٹچ پلاسٹک کو استعمال کیا گیا ہے جبکہ سات انچ کی ٹچ اسکرین اور سیٹلائیٹ نیوی گیشن بھی دی گئی ہے۔

اسی طرح آٹو میٹک لائٹس، وائپر، آٹو ڈیمنگ رئیر ویو مررر، کی لیس انٹری، سیلف پارکنگ اور پاور فولڈ شیشے بھی اہم فیچرز میں شامل ہیں۔

اس گاڑی میں مسافروں کے تحفظ کے لیے راہ گیروں کو دیکھنے کا سسٹم، لین ڈیپارچر الرٹ، آٹو میٹک ہائی بیم، روڈ سائن اسسٹ، آڈپٹو کروز کنٹرول وغیرہ دیئے گئے ہیں جبکہ سات ائیربیگز بھی شامل ہیں۔

ٹویوٹا کی جانب سے اس گاڑی کے لیے دو انجنوں کی پیشکش کی جائے گی ایک 1.8 لیٹر پٹرول/الیکٹرک، دوسرا 1.2 لیٹر ٹربو پٹرول انجن۔

پہلے انجن سے گیارہ سیکنڈ صفر سے سو کلومیٹرز تک کی رفتار پکڑ سکتا ہے جبکہ دوسرا یہ رفتار 11.4 سیکنڈ میں پکڑتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان آمد کے بعد اس گاڑی کی قیمت 42 سے 46 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے تاہم اس میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں