سندھ کے شہروں مہراب پور اور روہڑی کے قریب دو کم شدت کے بم دھماکوں میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔

اسپیشل برانچ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) منصور مغل نے کہا کہ دھماکوں کے لیے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس استعمال کی گئی، جس سے روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب مصری شاہ کے علاقے میں ریلوے ٹریک کے حصے کو نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچنے سے کراچی سے آنے والی شالیمار ایکسپریس کی سروس کو ٹریک کی مرمت تک معطل کردیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے کے لیے تقریباً ڈھائی کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے کا دوسرا واقعہ مہراب پور میں پیش آیا۔

ایس پی ریلوے پولیس ملک عتیق نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مہراب پور ریلوے اسٹیشن پر کیے جانے والے کریکر دھماکے سے ٹریک کے تقریباً ایک فٹ حصے کو نقصان پہنچا جس سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثر ہونے والے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

دونوں دھماکوں کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔

تبصرے (0) بند ہیں