نئی دہلی: کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کے لیے جاری کوششوں اور بھارتی فوج کے مظالم پر بات کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ آزادای کی تحریک کو وقتی طور پر روکا جاسکتا ہے، لیکن ختم نہیں کیا جاسکتا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ یوم پاکستان کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالباسط کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنی آزادی کی تحریک میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

عبدالباسط نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہترہوں گے جبکہ تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی راہ تلاش کرلی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر مقامی باشندوں کی امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے قومی دنوں اور مسلمانوں کے مذہبی تہواروں پر پاکستانی ہائی کمیشن میں تقاریب منعقد ہوتی ہیں، جس میں عام طور پر دونوں ممالک کے تعلقات کے ساتھ ساتھ مسائل پر بھی بات ہوتی ہے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ہونی والی تقاریب میں کشمیر کو فوقیت حاصل ہوتی ہے کیونکہ 1947 کے بعد دونوں پڑوسی ممالک میں یہ مسئلہ ہی سب سے بڑا تنازع ہے، اسلام آباد مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ذریعے چاہتا ہے جبکہ نئی دہلی فوج کے ذریعے تسلط کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

'پاکستان مسلم امہ کی امیدوں کا مرکز ہے'

دوسری جانب کشمیر میں جاری حریت کی تحریک کے اہم ترین رہنما سید علی گیلانی نے بھی اسلام آباد حکومت، افواج اور عوام کو یوم پاکستان کی خصوصی مبارک باد پیش کی۔

سری نگر سے جاری ہونے والے پیغام میں سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم امہ کی امیدوں کا مرکز ہے اور ایک نعمت ہے۔

حریت رہنما کا کہنا تھا کہ یہ ملک بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے جبکہ پاکستان ہی وہ ملک ہے جو کشمیر کے حقوق کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان،افغانستان اور ایران میں بہتر تعلقات کی امید کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں