پاکستان ایئرفورس اکیڈمی رسالپور کو پاک فضائیہ کے پہلے مسلم کمانڈر ان چیف ایئرمارشل (ر) اصغر خان کے نام سے منسوب کردیا گیا۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کو اصغر خان کے نام سے منسوب کرنے کی پروقار تقریب بدھ کی شب منعقد ہوئی جس میں خود ریٹائرڈ ایئرمارشل اصغر خان بھی موجود تھے۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کواصغرخان کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب میں اعلیٰ عسکری اورسیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ویڈیو دیکھیں: پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ

اس موقع پرایئرچیف مارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصغرخان نے پاک فضائیہ کو پختہ بنیادوں پر استوار کیا اوراکیڈمی کیلئے رہنما اصول مرتب کیے۔

ایئرچیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کو سہولیات فراہم کررہی ہے اور اکیڈمی کو اصغر خان کے نام سے منسوب کرنا انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

تقریب کے دوران اصغر خان کے کیریئر پر مبنی مختصر دستاویزی فلم کی بھی نمائش کی گئی۔

بعد ازاں ایئرمارشل (ر) اصغر خان نے پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کی تختی کی رونمائی کی جبکہ اس موقع پر سابق ایئر چیفس اور ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں