ایک بھارتی ریاست میں کالجوں اور یونیورسٹی کے طالبعلموں کو مفت وائی فائی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست بہار کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کالجوں اور یونیورسٹی کے طالبعلموں کو مفت وائی فائی تک رسائی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نتیش کمار نے طالبعلموں پر زور دیا کہ وہ مفت انٹرنیٹ کا درست طریقے سے استعمال کریں۔

ان کا کہنا تھا ' مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد نوجوانوں کو زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد دینا اور ڈیجیٹل دنیا کے لیے تیار کرنا ہے'۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب چند روز قبل اس ریاست میں ڈیجیٹل کلچر کو فروغ دینے کے لیے 76 ملین ڈالرز کے فنڈز کا اعلان کیا گیا تھا۔

انٹرنیٹ تک رسائی کو کبھی اس ریاست میں لگژری سمجھا جاتا تھا مگر اب یہاں یہ عام ہوتا جارہا ہے۔

اب یہ رئیلائنس جیو کا مفت انٹرنیٹ ہو یا گوگل کا ریلوے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی فراہم کرنا، مقامی افراد میں آن لائن سروسز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں بھارتی ریاست کیرالہ میں اعلان کیا تھا کہ بہت جلد وہاں کے تمام رہائشیوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی کیونکہ انٹرنیٹ تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں