پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ڈان نیوز کو دیے جانے والے انٹرویو میں مصباح الحق نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نو منتخب کپتان سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'سرفراز بہترین کپتان ہے، وہ کافی سمجھدار ہے اور جب بھی اسے کسی ٹیم کی قیادت سونپی گئی اس نے اپنی ذمہ داری کے ساتھ انصاف کیا'۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے جانے والی پاکستانی ٹیم کافی متوازن ہے اور وہاں کی کنڈیشنز سے بھی کھلاڑی کافی حد تک واقف ہیں لہٰذا ان کے پاس اچھا پرفارم نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ویسٹ انڈیز کو ان کے دیس میں ہرانا آسان نہیں’

حالیہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے مصباح الحق نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم اتنا ضرور کہا کہ 'ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی سی بی کو سخت قوانین مرتب کرنے کی ضرورت ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'کھلاڑیوں کو پہلے ہی یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ اگر وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہوں گے تو ان کے پاس واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا'۔

مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصباح نے کہا کہ 'میں نے ضرور مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ہے اور جلد سب کو اس بارے میں آگاہ کردوں گا'۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈٰیز کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 26 مارچ کو بارباڈوس میں ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے میچز اور 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں