نوجوان آرٹسٹ کا پاکستانی ہیروز کو خراج عقیدت

24 مارچ 2017
احسن دانش یوسفزئی اپنے اسکیچز پر کام کررہے ہیں —
احسن دانش یوسفزئی اپنے اسکیچز پر کام کررہے ہیں —

کبھی کبھار اپنے رول ماڈلز کے لیے مداحوں کا پیار کچھ دلچسپ اور منفرد شکل اختیار کرلیتا ہے، جس کی ایک مثال خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے احسن دانش یوسفزئی ہیں، جنہیں سب دانی کہتے ہیں۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق اس نوجوان نے جنگ کے شہداء اور قومی ہیروز کو اپنا رول ماڈل مانا اور ان سے محبت کی اور اسی حوالے سے انہوں نے بایو اسکیچنگ سیکھی تاکہ وہ 23 مارچ کو ان ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرسکیں۔

دانی کو ایک پوٹریٹ کو مکمل کرنے میں تقریباً 26 دن لگتے ہیں۔

دانی نے اس فن کا آغاز چارکول ڈرائیونگ، پینسل اسکیچ اور اسپرے پینٹ سے کیا، جس کے بعد انہوں نے تصاویر کی نقاشی شروع کی اور پھلوں کی کھال اور سبزیوں کی ٹنڈی پر اسکرپٹنگ شروع کی۔

انہوں نے اب تک قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال، فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی تصاویر بنائی ہیں۔

دانی کے مطابق یہ کام کرنے کے لیے بہت محنت، تحقیق اور گہری سوچ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا 'بچپن سے ہی میرے اندر کا آرٹسٹ باہر آنا چاہتا تھا، جو اس ملک کے ہیروز کی تعریف میں کچھ کام کرنا چاہتا تھا، جنہوں نے ہماری حفاظت اور زندگیوں کی خاطر اور ملک کے بقاء کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی'۔

دانی نے مزید کہا، 'میں نہ تو کوئی شاعر ہوں جو الفاظ کا استعمال کروں اور نہ ہی گلوکار جو ان کے لیے کچھ گا سکوں، میں نے اندازہ لگایا کہ میں ان مقدس شخصیات کے اسکیچ بنا سکتا ہوں جنہوں نے شہادت کو گلے لگایا'۔

آرٹسٹ کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ چھوٹے تھے تو ان قومی ہیروز کی سوانح حیات کو پڑھ کر کافی متاثر ہوتے تھے۔

دانی کے مطابق ایک آرٹسٹ ان شہیدوں کو فن کے ذریعے خراج عقیدت پیش کرسکتا ہے، پھر چاہے وہ ایک لفظ ہو، ایک خیال، مجسمہ، پینٹ یا پھر اسکیچ

انہوں نے کہا کہ وہ 23 مارچ کی تقریب کے لیے نشان حیدر حاصل کرنے والے 11 ہیروز کا اسکیچ مکمل کرچکے ہیں، جس میں کیپٹن محمد سرور شہید، میجر طفیل محمد شہید، میجر راجا عزیز بھٹی شہید، پائلٹ آفسر راشد منہاس شہید، میجر شبیر شریف شہید، سوار محمد حسین شہید، میجر محمد اکرم شہید، لانس نائیک محمد محفوظ شہید، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، حوالدار لالک جان شہید اور نائیک سیف علی جنجوعہ شامل ہیں۔

دانی نے کہا کہ وہ ان اسکیچز کی نمائش 23 مارچ کو کرنا چاہتے تھے جس کے لیے انہوں نے درخواست بھی دی، تاہم وہاں سے کوئی جواب نہ آنے پر انہوں نے اسلام آباد کے ایک آرٹ ہوم میں ہی اپنے اسکیچز کی نمائش کی درخواست کی جہاں سے انہیں مثبت جواب موصول ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں