ویسٹ انڈیزکے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان کی بھرپور تیاری

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2017
چار میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز اتوار سے ہوگا— فوٹو : پاکستان کرکٹ ٹیم فیس بک پیج
چار میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز اتوار سے ہوگا— فوٹو : پاکستان کرکٹ ٹیم فیس بک پیج

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 4 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بارباڈوس میں بھرپور پریکٹس کی۔

ویسٹ انڈیز کے دورے میں 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد 3 ایک روزہ میچوں کی ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم نے پریکٹس شروع کر دی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 26 مارچ کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 30 مارچ کو تیسرا یکم اپریل اور چوتھا 2 اپریل کو پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ متاثر کن ہے، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 میچ کھیلے ہیں، جن میں سے 5 میں فتح حاصل کی جبکہ 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کو پاکستان کی ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے بطور کپتان پی سی بی کے توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'یہ دورہ ہمارے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے جہاں کامیابی کی صورت میں کوالیفائر کھیلے بغیر ورلڈ کپ میں جانے کی ہماری توقعات مزید مضبوط ہوں گی'۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے گرین شرٹس کو خبردار کیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز میں ہرانا آسان نہیں، یہ ایک مشکل سیریز ہو گی، پاکستانی ٹیم کو اسے ہرگز آسان نہیں لینا چاہیے، دونوں ہی ٹیمیں ایک طرز کی کرکٹ کھیلتی ہیں لہٰذا پاکستان کو جیت کے لیے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں