ششانک منوہر عارضی طور پراستعفی واپس لینے کو تیار

24 مارچ 2017
ششانک منوہر نے رواں  ماہ کے آغاز میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا—فائل فوٹو/اے ایف پی
ششانک منوہر نے رواں ماہ کے آغاز میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا—فائل فوٹو/اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ششانک منوہر بطور چیئرمین اپنا استعفیٰ عارضی طور پر واپس لینے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ششانک منوہر کو کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے قوانین میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے معاملے کو حتمی شکل دینے تک چیئرمین کے طور پر کام کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس کو انھوں نے قبول کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ دوسال کے لیے منتخب ہونے والے ششانک منوہر نے صرف آٹھ ماہ بعد رواں ماہ کے اوائل میں آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا جس کی تصدیق آئی سی سی نے کردی تھی جبکہ اس سے قبل ان کی رہنمائی میں انڈیا، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل بگ تھری کے خاتمے کی منظوری دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:ششانک منوہر آئی سی سی چیئرمین کے عہدے سے مستعفی

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 'ششانک منوہر سے خاص تعاون کے لیے اپنے استعفے کو واپس لینے یا گورننس اور مالی حوالے سے ہونے والے معاملات کو حتمی شکل دینے تک موخر کرنے کی درخواست کی گئی تھی'۔

ششانک منوہر کا کہنا تھا کہ 'میں ڈائریکٹرز کے فیصلے اور میرے اوپر بھروسے پر ان کا احترام کرتا ہوں'۔

مستعفی چیئرمین نے کہا کہ 'آئی سی سی کے انتظامی معاملات پر ہمارے کام کو جاری رکھنے اور اختیارات کی منتقلی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنا میرا فرض ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس کی روشنی میں بطور چیئرمین اپنا کام جاری رکھنے کا خواہاں ہو تاہم ذاتی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہونے کا فیصلہ برقرار رہے گا'۔

دوسری جانب ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے ایڈمنسٹریٹو رکن وکرم لیمائے کا کہنا ہے 'ہم مسائل کے حل کے لیے آئی سی سی کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن تمام لوگوں کو مطمئن کرنے کے لیے موجودہ معاملات کا حل ہونا ضروری ہے'۔

ششانک منوہر نے اکتوبر 2015 میں بی سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالا تھا اور مئی 2016 میں عہدے سے الگ ہوئے تھے اور آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں