گوگل میپس میں گزشتہ دنوں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا جو دوستوں اور گھروالوں کو اس بات کی سہولت فراہم کرتا ہے کہ آپ اس وقت کہاں موجود ہیں۔

درحقیقت یہ کوئی نیا فیچر نہیں بلکہ گوگل میپ کا کافی پرانا فیچر ہے جسے 8 سال پہلے Latitude کے نام سے متعارف کرایا گیا تھا جس پر لوگوں کی جانب سے کافی تحفظات کا اظہار کیا گیا اور گوگل کو اسے ختم کرنا پڑا۔

اب گوگل نے ایک بار پھر میپس میں صارفین کو اپنی لوکیشن دیگر افراد سے شیئر کرنے کی سہولت پیش کی ہے۔

یہ فیچر بہت جلد صارفین کو دستیاب ہوگا (جن کو ابھی تک نہیں مل سکا) اور اس کی مدد سے لوگ اپنی رئیل ٹائم لوکیشن دیگر سے شیئر کرسکیں گے۔

یعنی آپ کسی خاص وقت کہاں پر موجود ہیں وہ آپ کے منتخب کردہ افراد دیکھ سکیں گے۔

یہ فیچر جی پی ایس کی مدد سے کام کرتا ہے جو کہ ہر اسمارٹ فون میں موجود ہے اور چند میٹر کی دوری کا فاصلہ بھی بتایا جاسکتا ہے۔

اور گھبرانے کی بات نہیں گوگل آپ کی لوکیشن اس وقت تک کسی کو نہیں بتائے گا جب تک آپ اجازت نہ دیں۔

کسی مخصوص وقت سے لے کر لامحدود وقت تک کے لیے آپ اس ایپ میں اپنی لوکیشن لوگوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔

گوگل کے مطابق صارفین کو ہر تین ہفتوں بعد ای میل کے ذریعے بھی اس حوالے سے یاد دلایا جائے گا کہ ان کی موجودہ لوکیشن منتخب افراد دیکھ سکتے ہیں۔

یہ فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ہوگا جب یہ اپ ڈیٹ ہوجائے گا تو اس فیچر کو ایکٹیو کرنے کے لیے آپ کو میپس کے مینیو میں جانا ہوگا۔

وہاں شیئر لوکیشن پر کلک کریں اور وہاں ان افراد کا انتخاب کریں جن کے لیے آپ کی لوکیشن دیکھنا ممکن ہو اور وقت کا تعین کریں۔

گوگل کے مطابق آپ کسی بھی وقت شیئرنگ کو روک سکتے ہیں اور آپ کی اپنی مرضی ہے کہ اسے شیئر کریں یا نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں