ڈی کوک بھی آئی پی ایل سے باہر ہوگئے

24 مارچ 2017
ڈی کوک نے آئی پی ایل میں دہلی ڈیئرڈیولز کی نمائندگی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈی کوک نے آئی پی ایل میں دہلی ڈیئرڈیولز کی نمائندگی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ کے زخمی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن ٹیسٹ کے لیے فٹنس حاصل کرلی ہے تاہم بورڈ نے انھیں انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) سے باہر کردیا ہے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق کوئنٹن ڈی کوک فٹنس ٹیسٹ کے بعد ہملٹن ٹیسٹ کھیلیں گے جہاں وہ دائیں ہاتھ کی انگلی ٹوٹنے کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔

ڈی کوک کو مکمل فٹ ہونے میں اب بھی کم سے کم چار ہفتے درکار ہیں اسی لیے جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے چمپیئنز ٹرافی اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پیش نظر انھیں آئی پی ایل سے باہر کردیا ہے۔

آئی پی ایل کی ٹیم دہلی ڈیئرڈیولز کے لیے جے پی ڈومینی کے بعد یہ ایک اور بڑا دھچکا ہے جو پہلے ہی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔

ڈی کوک آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولز کی نمائندگی کرتے تھے اور ٹیم کے اہم رکن تھے قبل ازیں ٹیم کے جنوبی افریقی بلے باز جے پی ڈومینی بھی دستبرداری کا اعلان کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:جے پی ڈومینی،آئی پی ایل سے دست بردار

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں وہ 25 مارچ سے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔

جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کررکھی ہے۔

دوسری جانب ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے مایہ ناز اسپنر عمران طاہر کو رائزنگ پونے سپر جائنٹ نے آسٹریلیا کے زخمی مچل مارش کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ عمران طاہر گزشتہ سیزن میں دہلی ڈیرڈیولز کا حصہ تھے اور گزشتہ ماہ آئی پی ایل کے ڈرافٹنگ کے عمل میں انھیں کسی بھی ٹیم نے نہیں خریدا تھا۔

عمران طاہر نے دہلی ڈیئرڈیولز کے لیے 20 میچوں میں 29 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

رائزنگ پونے جائنٹ نے اس سے قبل آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زیمپا کو بھی حاصل کرلیا تھا اور اب ٹیم میں دو لیگ اسپنر شامل ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں