نئی دہلی: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کے 805 ویں عرس کے موقع پر ریاست راجھستان کے شہر اجمیر میں واقع ان کے مزار پر چڑھانے کے لیے ایک رسمی چادر بھجوائی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ چادر کو وزیراعظم نریندر مودی کے نمائندے 30مارچ سے شروع ہونے والے عرس کے دوران اجمیر شریف میں واقع درگاہ پر چڑھائیں گے۔

جمعہ (24 مارچ) کو نریندر مودی نے مذکورہ چادر وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی اور وزیر مملکت جتندر سنگھ کے حوالے کی۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم مودی نے پوری دنیا میں صوفی بزرگ کے عقیدت مندوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ خواجہ معین الدین چشتی کو 'غریب نواز' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: اجمیر مزار حملہ: ہندو انتہا پسند مجرمان کو عمر قید کی سزا

اپنے پیغام میں مودی نے کہا، 'خواجہ معین الدین چشتی ہندوستان میں عظیم صوفیانہ روایات کی علامت ہیں، انسانیت کے لیے ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنیں گی'۔

انھوں نے سالانہ عرس کے کامیاب انعقاد کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے 22 مارچ کو جے پور کی ایک عدالت نے 2007 میں اجمیر شریف درگاہ پر ہونے والے بم دھماکے میں جرم ثابت ہونے پر 2 ہندو انتہا پسندوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔

مذکورہ حملے میں 3 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق سزا پانے والے افراد کا تعلق راشٹریہ سوایام سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے تھا، جس کا سیاسی ونگ بھارتیہ جنتا پارٹی ہندوستان کی حکمران جماعت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں