بدین: سندھ کے ضلع سکھر اور مٹیاری میں تین الگ الگ واقعات میں 3 خواتین اور ایک مرد کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔

ضلع سکھر کے شہر روہڑی کے گاؤں خرم جاگیرانی میں ملزم عبداللہ جاگیرانی نے اپنی بیوی مجاہداں اور اپنی ہی برادری کے ایک شخص اکرم جاگیرانی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا۔

اطلاع پر پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا، اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔

واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا، جب کہ پولیس نے سرکاری مدعیت میں ملزم کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے اس کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کو سلسلہ شروع کردیا۔

دوسرے واقعے میں ضلع مٹیاری کے شہر نیو سعید آباد کے قریب ملزم بلوچ خان نے اپنی بہن میڈم چانڈیو کو غیرمحرم مرد سے ناجائز تعلقات استوار کرنے پر قتل کرنے کے بعد خود کو پولیس کے سامنے پیش کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں غیرت کے نام پر 6 افراد کا قتل

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی، جب کہ مقتول خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی والدہ کے حوالے کردیا گیا۔

غیرت کے نام پر قتل کا تیسرا واقعہ ضلع سکھر کے شہر باگڑجی کے قریب کچے کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم محمد لاشاری نے اپنے کزن نازل خان لاشاری کے ساتھ مل کراپنی کزن ارسانہ لاشاری کو اپنے بہنوئی کے ساتھ ناجائز جنسی تعلقات قائم کرنے کے الزام میں قتل کردیا۔

پولیس نے متقول خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا، جب کہ ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں پولیس اسٹیشن باگڑجی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں