کوئٹہ : فرنٹیئر کور بلوچستان نے مردم شماری کے عمل میں خلل پیدا کرنے کے لیے بارودی سرنگوں کے ذریعے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شدت پسند بارودی سرنگوں کے ذریعے بلوچستان کے علاقے تربت اور دشت میں مردم شماری کے عمل میں خلل اور افراتفری پیدا کرنا چاہتے تھے جسے ناکام بنادیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چارسدہ: مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار زخمی

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑک کنارے نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے تربت – دشت روڑ پر دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا تاہم ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکارہ بنادیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ہے اور اس سلسلے میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: مردم شماری عملے کو دیکھ کر عمارت سے چھلانگ لگانے والا شخص ہلاک

اس آپریشن کے دوران اب تک کئی کارروائیاں کی جاچکی ہیں اور دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے کئی بے گناہ انسانی جانوں کو بچالیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان کے علاقے دشت اور تربت میں بھی مردم شماری کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے اور اس موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں