حدود کی خلاف ورزی، 100 بھارتی ماہی گیر گرفتار

26 مارچ 2017
گرفتار ہونے والے ماہی گیروں کو عدالت میں پیش کیا جائے گا — فوٹو / اے ایف پی
گرفتار ہونے والے ماہی گیروں کو عدالت میں پیش کیا جائے گا — فوٹو / اے ایف پی

کراچی: پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ پاکستانی حدود میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے تقریباً 100 ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک سیکیورٹی عہدے دار نے بتایا کہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ہفتے کی شب بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کیا جبکہ ان کی 19 کشتیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ماہی گیروں کو گرفتاری کے بعد میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پولیس کے حوالے کردیا اور انہیں ڈاکس تھانے منتقل کردیا گیا جہاں انہیں قید کرنے کے لیے جگہ کم پڑگئی جبکہ پولیس کو ان کے کھانے کا بندوبست کرنے کی بھی فکر لاحق ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: جذبہ خیر سگالی، پاکستان نے 220 بھارتی ماہی گیر رہا کردیے

ایک سینئر پولیس اہلکار عدیل چانڈیو نے اے ایف پی کو بتایا کہ 'بھارتی ماہی گیروں کو پیر کے روز عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا'۔

خیال رہے کہ ہر سال بحیرہ عرب میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے پاکستانی و بھارتی ماہی گیروں کو دانستہ و غیر دانستہ طور پر سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دونوں ملکوں کی سیکیورٹی ایجنسیاں گرفتار کرلیتی ہیں۔

یہ ماہی گیر اپنی سزائیں پوری کرنے کے باوجود بھی جیلوں میں پڑے رہتے ہیں کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ہمیشہ کشیدہ ہی رہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بھی ناقص ہیں جس کی وجہ سے ماہی گیروں کی واپسی میں تاخیر کا سامنا رہتا ہے۔

رواں برس جنوری میں پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر 219 ماہی گیروں کو رہا کیا تھا۔


تبصرے (0) بند ہیں