بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں خودکش بمبار کے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑانے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ بغداد کے جنوبی داخلی دروازے پر چیک پوائنٹ سے گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں 36 افراد زخمی بھی ہوئے۔

دہشت گرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ حملہ ٹرک چلانے والے خودکش بمبار نے کیا، جبکہ ٹرک میں کئی ٹن بارودی مواد موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بغداد کی سبزی منڈی میں دھماکا، 12 افراد ہلاک

داعش نے 2014 میں بغداد کے مغربی اور شمالی علاقوں میں اپنے قدم جمائے تھے، تاہم عراقی فورسز نے امریکی اتحاد کے فضائی حملوں کی مدد سے شہر کے زیر قبضہ بڑے علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا۔

عراقی سیکیورٹی فورسز ان دنوں مغربی موصل میں داعش سے لڑائی کر رہی ہے، اور موصل وہ آخری شہر ہے جس کے بڑے علاقے پر داعش کا کنٹرول باقی ہے۔

مزید پڑھیں: عراق: خود کش دھماکے میں 16 افراد ہلاک

تاہم موصل سے داعش کا قبضہ چھڑانے کے بعد بھی عراق میں دہشت گرد تنظیم کے حملوں کا خطرہ کم نہیں ہوگا، کیونکہ ملک کے مغربی علاقوں اور شام میں داعش کا قبضہ اب بھی برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں