صلاح الدین محسود آئی جی پی خیبر پختونخوا مقرر

30 مارچ 2017
صلاح الدین خان محسود — فوٹو: بشکریہ علی اکبر
صلاح الدین خان محسود — فوٹو: بشکریہ علی اکبر

پشاور: وزیر اعظم نواز شریف نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر صلاح الدین خان محسود کو خیبر پختونخوا کا انسپیکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) مقرر کردیا۔

صوبائی پولیس چیف کا عہدہ 17 مارچ کو ناصر خان درانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے خالی تھا۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے وفاق کو بھیجی گئی سنیارٹی لسٹ میں صلاح الدین خان کے علاوہ قائم مقام آئی جی پی سید اختر علی شاہ اور آئی جی موٹروے اختر علی کا نام بھی شامل تھا جو صلاح الدین سے سینئر ہیں۔

ذرائع کے مطابق تقرری سے قبل صلاح الدین خان نے اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی۔

انہوں نے 1989 میں پولیس سروس میں بطور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) شمولیت اختیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی نے عہدہ چھوڑ دیا

سخت مزاج افسر صلاح الدین کو، جو اس وقت اسپیشل برانچ میں بطور اے آئی جی تعینات ہیں، فروری میں گریڈ 21 میں ترقی دی گئی تھی، جبکہ وہ اسپیشل برانچ، سی آئی ڈی، ٹریفک اور فرنٹیئر سروس پولیس میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ صلاح الدین محسود آئی جی پی کے مضبوط امیدوار تھے کیونکہ ناصر خان درانی نے بھی ان کا نام تجویز کیا تھا۔

صلاح الدین خان کا تعلق جنوبی وزیرستان کے محسود قبیلے سے ہے۔

ان کی بطور آئی جی پی تقرری سے قائم مقام آئی جی سید اختر علی شاہ نالاں نظر آتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اختر علی شاہ نے تقرری کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ جلد اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری درخواست دائر کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں