خلیجی ملک قطر کی فضائی کمپنی نے امریکا کی جانب سے مسافروں پر لیپ ٹاپس اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز رکھنے پر عائد کی جانے والی پابندی کا توڑ نکال لیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قطر ایئرویز کی جانب سے جمعرات کو اس بات کا اعلان کیا گیا کہ بزنس کلاس کے ذریعے امریکا کا سفر کرنے والے مسافروں کو مفت لیپ ٹاپس دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی پابندیوں کے بعد خلیجی ممالک کی ایئرلائنز کے مسافروں کی تعداد کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور اب قطر ایئرویز کی جانب سے یہ پیشکش مسافروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔

قطر ایئرویز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'امریکا جانے والے مسافروں سے ایئرپورٹ پر ہی کمپیوٹرز لے لیے جائیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: ’داعش امریکا جانے والی پرواز کو نشانہ بنانا چاہتی ہے‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے سے بزنس کلاس کے مسافروں کے لیے 'لیپ ٹاپ لون سروس' شروع کررہی ہے۔

قطر ایئرویز کے سربراہ اکبر الباقر کے مطابق 'لیپ ٹاپ لون سروس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دوران پرواز بھی ہمارے مسافر اپنا ضروری کام جاری رکھ سکیں'۔

متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ایئرلائن بھی اسی طرح کی پیشکش کرنے پر غور کررہی ہے کیوں کہ وہ بھی امریکی پابندیوں سے متاثر ہورہی ہے۔

دوسری جانب ابوظہبی کی اتحاد ایئرویز کا کہنا ہے کہ وہ امریکا جانے والے فرسٹ اور بزنس کلاس مسافروں کو مفت وائی فائی اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی سہولت فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: امریکا و برطانیہ جانے والی پروازوں پر نئی پابندیاں

خیال رہے کہ رواں ماہ امریکا اور برطانیہ نے مسلم اکثریتی ممالک سے براہ راست اپنے ملکوں میں آنے والی پروازوں پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

امریکی حکومت نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک کے 10 ایئرپورٹس سے امریکا آنے والی براہ راست پرواز کے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ساتھ لیپ ٹاپ، ٹیب، الیکٹرانک گیمز اور دیگر الیکٹرانک آئٹمز نہ رکھیں۔

امریکا کی جانب سے عائد کردہ اس پابندی کا اطلاق اردن کے عمان ایئرپورٹ، کویت سٹی، قاہرہ، استنبول، جدہ، ریاض، کاسابلانکا، دوحا، دبئی اور ابوظہبی ایئرپورٹس سے براہ راست امریکا آنے والی پروازوں پر ہوگا۔

جبکہ برطانیہ نے ترکی، لبنان، اردن، مصر، تیونس اور سعودی عرب سے آنے والی براہ راست پروازوں کے مسافروں پر موبائل فونز کے علاوہ کوئی اور الیکٹرانک آئٹم ساتھ نہ رکھنے کی شرط عائد کردی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ایئرلائن کے ترجمان نے خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد کردہ نہیں پابندیاں 25 مارچ سے لاگو ہوں گی اور 14 اکتوبر 2017 تک نافذ العمل رہیں گے۔


تبصرے (0) بند ہیں