اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 2018 کے انتخابات کی ضروریات کے پیش نظر پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کو نئی پرنٹنگ مشینوں کی خریداری کے لیے 86 کروڑ 40 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان بالخصوص 2018 کے انتخابات کی ضروریات کے پیش نظر پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کو نئی پرنٹنگ مشینوں کی خریداری کے لیے 86 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ’بریج فنانسنگ‘ کی سہولت فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے وزارت تجارت کی تجویز پر چینی کی برآمد کی مدت 31 مئی سے 31 جولائی 2017 تک بڑھانے کی منظوری دی اور متعلقہ محکموں کو ملک میں چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ارب 60 کروڑ کے خصوصی رمضان پیکج کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جرمنی کے ترقیاتی ادارہ ’جی آئی زیڈ‘ کے لیے سامان کی خریداری اور اسلام آباد کے علاقے میں خدمات پر جی ایس ٹی ادائیگی میں چھوٹ دینے کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد جی آئی زیڈ کی پاکستان میں ترقیاتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

کمیٹی نے پاور سیکٹر کو قرضوں اور سود کی ادائیگی کے لیے 41 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ تولانج فیلڈ سے 10 ایم ایم سی ایف ڈی تک گیس سوئی نادرن گیس کمپنی کو مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں