رنویر اور عالیہ کا ٹائم آگیا، ’گلی بوائے‘ کا شاندار آغاز

15 فروری 2019
فلم کو ویلنٹائن ڈے پر ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو ویلنٹائن ڈے پر ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ ایکشن ہیرو رنویر سنگھ کی چند ہفتے قبل ریلیز ہونے والی فلم ’سمبا‘ نے جہاں ریکارڈ کمائی کی تھی، وہیں ان کی حال ہی میں ریلیز کی گئی فلم ’گلی بوائے‘ نے بھی اچھا آغاز کردیا۔

میوزیکل رومانٹک فلم ’گلی بوائے‘ کو ویلنٹائن ڈے پر بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ توقعات پہلے ہی کی جا رہی تھیں کہ فلم پہلے ہی دن بھارت بھر سے 15 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی، تاہم فلم نے توقعات سے زیادہ کمائی کی۔

رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم نے بھارت بھر سے پہلے ہی دن 18 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کر کے کئی فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ ’گلی بوائے‘ کیوں بنے؟

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’گلی بوائے‘ نے ویلنٹائن ڈے پر اچھا آغاز کیا اور اس فلم کے لیے سینما ہال فل نظر آئے۔

ان کے مطابق فلم نے پہلے ہی دن بھارت بھر سے 18 کروڑ 70 لاکھ روپے بٹورے جو تجزیہ کاروں کی توقعات سے زیادہ ہیں۔

جہاں فلم نے پہلے ہی دن اچھی کمائی کی، وہیں اس فلم کو اچھے رویوز بھی ملے ہیں اور اس کی کہانی اور موسیقی کی تعریف کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: گلی بوائے رنویر سنگھ کا ’ٹائم آگیا‘

فلم میں رنویر سنگھ نے مراد نے ریپر کا کردار ادا کیا ہے جو گلی کوچوں میں گانے گاکر شہرت حاصل کرتا ہے۔

فلم کی کہانی حقیقی واقعے سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

عالیہ بھٹ پہلی بار رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں، انہوں نے فلم میں ان کی گرل فرینڈ کا کردار ادا کیا ہے جو قدرے تنگ نظر دکھائی دیتی ہیں۔

فلم کے ٹریلر سمیت گانا ’اپنا ٹائم آئے گا‘ ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا تھا اور ہر طرف رنویر اور عالیہ کی دھوم تھی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم ابتدائی ہفتے میں ہی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوجائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں