کراچی میں بھارتی گانے پر بچوں کا رقص، نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل

اپ ڈیٹ 15 فروری 2019
انتظامیہ سے آئندہ 3 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے — فائل فوٹو اے ایف پی
انتظامیہ سے آئندہ 3 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے — فائل فوٹو اے ایف پی

ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز سندھ نے کراچی کے نجی اسکول کی تقریب میں بھارتی گانے پر بچوں کے رقص پر وضاحت نہ دینے پر نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختلف ویڈیوز میں کراچی کے نجی اسکول ’ ماما بے بی کیئر‘ کی ایک تقریب میں بچوں کو بھارتی گانے پر ٹیبلو پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ویڈیو میں ٹیبلو کے دوران بھارتی پرچم بھی بڑی اسکرین پر چلتے ہوئے دیکھا گیا جس پر ڈائریکٹوریٹ نجی اسکول نے وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 13 فروری کو نجی اسکول کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اسکول کی تقریب کی ویڈیو میں اسکول کے بچوں کو بھارتی گانے پر رقص کرتے دیکھا گیا، جس دوران اسٹیج پر نصب اسکرین پر بھارتی پرچم بھی لہرارہے تھے‘۔

— فوٹو: سید وسیم
— فوٹو: سید وسیم

نوٹس میں خبردار کیا گیا تھا کہ تعلیمی ادارے میں ایسا مواد پیش کیا جانا قومی وقار کے خلاف ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ڈائریکٹوریٹ نجی اسکول نے مذکورہ واقعے پر اسکول انتظامیہ سے آئندہ 3 روز میں وضاحت طلب کی تھی اور وضاحت نہ دینے کی صورت میں قوانین کے تحت اسکول کے خلاف کارروائی کی جانے کی تنبیہ بھی کی تھی۔

بعدازاں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشن کی جانب سے آج جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ اسکول انتظامیہ کو ڈائریکٹر ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن / رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز، کراچی ریجن کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔

اسکول انتظامیہ کی جانب سے نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی مالکان/ پرنسپل ریجنل ڈائرریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہوئے۔

— فوٹو: سید وسیم
— فوٹو: سید وسیم

نوٹس میں کہا گیا کہ سندھ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز آرڈیننس 2001، امینڈمنٹ ایکٹ اینڈ رولز 2005 کی شق 8 کے تحت ماما بے بی کیئر اسکولز کے تمام کیمپسز کی رجسٹریشن تاحکم ثانی معطل رہے گی

واضح رہے کہ نجی اسکول کی جانب سے 3 روز قبل ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں طلبا نے مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیبلو پیش کیے تھے۔

اس حوالے سے اسکول کے فیس بک پیج پر چین، آسٹریلیا اور امریکا پر ٹیبلو پیش کرنے کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی تھیں جبکہ تقریب میں طلبا نے مصر کا قومی ترانہ بھی پیش کیا تھا۔

تاہم اسکول کی جانب سے اپنے فیس بک پیج پر بھارتی گانے پر پیش کیے گئے ٹیبلو سے متعلق کوئی ویڈیو پوسٹ نہیں کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں