'طالبان سے مذاکرات کیلئے ذمہ داری کےساتھ سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں'

16 فروری 2019
پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، شاہ محمود قریشی — فائل فوٹو
پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، شاہ محمود قریشی — فائل فوٹو

میونخ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

جرمنی کے شہر میونخ میں عالمی سیکورٹی کانفرنس کے دوران 'افغانستان کی تازہ ترین صورتحال' کے موضوع پر پینل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پاکستان انتہائی ذمہ داری کے ساتھ سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور مشترکہ ذمہ داری نبھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان عرصہ دراز سے یہ کہتا چلا آ رہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا، افغانستان کے مسئلے کا واحد شعوری حل مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنا ہے۔'

یہ بھی پڑھیں: گلوبل سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیر خارجہ جرمنی روانہ

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے نقطہ نظر کو تسلیم کیا گیا اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ بھی خطے میں استحکام اور قیام امن کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔'

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'افغانستان کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا دورہ افغانستان کا کیا کیونکہ افغانستان ہمارا ایسا اہم ہمسایہ ملک ہے جس کے ساتھ ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔'

مزید پڑھیں: زلمے خلیل زاد کی شاہ محمود سے ملاقات،ٹرمپ کے خط کی تفصیلات سے آگاہ کیا

انہوں نے کہا کہ 'افغانستان اور امریکا کے دوستوں کی ہم سے دو توقعات تھیں، پہلی یہ کہ پاکستان اپنا ممکنہ اثر و رسوخ استعمال کر کے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لائے اور ہمیں اس میں کامیابی حاصل ہوئی، آج طالبان مذاکرات کی میز پر ہیں اور مذاکرات کر رہے ہیں اگرچہ ابھی بہت سا کام باقی ہے لیکن اس میں پیش رفت ہو رہی ہے۔'

تبصرے (0) بند ہیں