عمر اکمل جلد پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں، سرفراز احمد کا عندیہ

اپ ڈیٹ 18 فروری 2019
عمر اکمل نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دی ہے، سرفراز احمد — فائل فوٹو: پی ایس ایل
عمر اکمل نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دی ہے، سرفراز احمد — فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے عندیہ دیا ہے کہ عمر اکمل اسی طرح کھیلتے رہے تو بہت جلد پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

پی ایس ایل ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد نے کہا ہے کہ عمر اکمل بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دی ہے۔

خیال رہے کہ عمر اکمل اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں اور انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 75 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔

تاہم سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اگر اسی طرح پرفارمنس دیتے رہیں تو وہ بہت جلد پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے یہ بھی کہا ہے کہ نوجوانوں کے پاس قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے پی ایس ایل اہم راستہ ہے۔

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہر کوئی پی ایس ایل کو دیکھ رہا ہے، تاہم امید ہے کہ پی ایس ایل میں شامل باصلاحیت نوجوان کھلاڑی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ اگر اس ایونٹ کے دوران کوئی نوجوان کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ سے ابھر کر سامنے آتا ہے تو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اور انتظامیہ اسے قومی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کر سکتی ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سخت محنت کریں گے اور قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔

سرفراز احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی ٹیم میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں