لاہور قلندرز کا پہلی فتح کے بعد ڈی ویلیئرز کے لیے سرپرائز

17 فروری 2019
اے بی ڈی ویلیئرز اپنی 35ویں سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں— تصویر بشکریہ لاہور قلندرز
اے بی ڈی ویلیئرز اپنی 35ویں سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں— تصویر بشکریہ لاہور قلندرز

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف فتح کے بعد عالمی شہرت یافتہ بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو سالگرہ کا سرپرائز دیا۔

ہفتے کو پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے حارث رؤف کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 22رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

مزید پڑھیں: لاہور قلندرز: پی ایس ایل میں سب سے پیچھے لیکن ایک بات میں سب سے آگے

یاد رہے کہ میچ کے دوران قلندرز کے کپتان حفیظ انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے جس کے بعد ان کی قیادت کے فرائض اے بی ڈی ویلیئرز نے انجام دیے تھے۔

میچ کے بعد فتح کا جشن منانے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم نے اے بی ڈی ویلیئرز کو ان کی 35ویں سالگرہ کا سرپرائز دیا۔

ان کی سالگرہ کا جشن منانے کے لیے خصوصی کیک کا اہتمام کیا گیا تھا جسے عالمی شہرت یافتہ سابق جنوبی افریقی بلے باز نے اپنی فرنچائز کے مالک فواد رانا اور ٹیم کے دیگر ساتھیوں کی موجودگی میں کاٹا۔

لاہور قلندرز نے اے بی ڈی ویلیئرز کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر سابق جنوبی افریقی کپتان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

دنیا بھر سے شائقین نے سابق جنوبی افریقی کپتان کو ان کی سالگرہ پر پیغامات بھیجتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاپی رائٹس کی خلاف ورزی، زوہیب حسن پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کریں گے

اے بی ڈی ویلیئرز نے گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن وہ اب بھی دنیا بھر کی ٹی20 لیگ میں کسی بھی ٹیم کی پہلی ترجیح ہیں۔

انہوں نے 114 ٹیسٹ، 228 ون ڈے اور 78 ٹی20 میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے 47 سنچریوں اور 109 نصف سنچریوں کی مدد سے 20ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں